جموں//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے محکمہ بجلی کے حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ ضلع انتظامیہ کے ساتھ تال میل قایم کر کے کام کریں تا کہ مرکزی معاونت والی سکیموں اور فلیگ شپ پروگراموں کی بہتر عمل آوری یقینی بنا کر لوگوں کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے یہ ہدایات جموں خطے کے ضلع ترقیاتی کمشنروں اور محکمہ بجلی کے افسروں کی ایک میٹنگ کے دوران دی ۔ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے تمام کنبوں کو مختلف سکیموں کے تحت بجلی کے کنکشن فراہم کرنے کیلئے تیار کی گئی تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ کا جائیزہ لینے کی ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی ۔انہوں نے بجلی سیکٹر میں عملائے جا رہے مختلف پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے بجلی کی چوری روکنے کیلئے فیڈر کی بنیاد پر شیڈول ترتیب دینے کے احکامات دئیے ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی چوری محکمہ کیلئے ایک بہت بڑا چیلنج ہے اور اس پر نگاہ رکھنے کی اشد ضرورت ہے ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے بجلی محکمہ کے حکام کو پولیس اور ضلع انتظامیہ کے افسروں کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کی ہدایت دی تا کہ بجلی کی چوری پر قابو پایا جا سکے ۔