جموں//ریاستی حکومت نے ایک مرتبہ پھر کہا ہے کہ ر یاستی سرکار پاور پروجیکٹوں کی منتقلی کا معاملہ زور وشور سے مرکزی سرکار کے ساتھ اٹھارہی ہے۔ قانون ساز اسمبلی میں ممبر اسمبلی اوڑی محمد شفیع اوڑی کی طرف سے این ایچ پی سی سے بجلی پروجیکٹوں کو واپس لینے کے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے تحریری جواب میں سرکار نے کہا ہے کہ پاور پروجیکٹوں کی ریاست کو منتقلی پی ڈی پی۔ بی جے پی مخلوط حکومت کے ایجنڈا آف الائنس میں شامل ہے جس میں ڈول ہستی، سلال اور اوڑی ہائیڈرو الیکٹر ک پروجیکٹس شامل ہیں۔ سرکار نے بتایا ہے کہ وزیر خزانہ نے بجلی بجٹ تقریرسال2015-16میں اس بات کا ذکر کیا ہے کہ حکومت این ایچ پی سی سے پاور پروجیکٹوں کی واپسی اور ان کو چلانے ونگہداشت کے لئے وافر فنڈز دستیاب رکھے گی۔ سرکار نے کہا کہ 16مارچ 2015کو نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹرنرمل سنگھ اور وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب درابو نے مرکزی وزیر برائے بجلی سے باقاعدہ ملاقات کی اور مرکزی سرکار سے کہاکہ ڈول ہستی اور اوڑی سمیت دیگر پروجیکٹ این ایچ پی سی سے ریاستی سرکار کو منتقل کئے جائیں۔ چنانچہ نائب وزیر اعلیٰ نے پاور منسٹرز کی مختلف کانفرنسوں میں بھی یہ معاملہ اٹھایاہے۔