سرینگر//بجلی ملازمین نے منگل سے48گھنٹوں تک کام چھوڑ ہڑتال شروع کی اور دھمکی دی کہ اگر محکمہ کے افسران بالا نے اپنا وطیرہ تبدیل نہیں کیا تو انکے خلاف وائٹ پیپر جاری کیا جائے گا۔محکمہ بجلی کے ملازمین نے چیف انجینئرنگ آفس کے صحن دھرنا دیتے ہوئے2دنوں تک کام چھوڑ ہڑتال شروع کی۔ الیکٹرک ایمپلائز یونین کا کہنا ہے کہ ہڑتال کامیاب رہی اور اس کے اثرات جنوب و شمال میں دیکھنے کو ملے۔ یونین کے جنرل سیکریٹری نے چیف انجینئرنگ دفتر کے صحن میں بیٹھے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر چہ وقت وقت پر وہ محکمہ کے ملازمین کا مسئلہ حکام بالا کے سامنے بھی پیش کرتے ہیں تاہم حکام ٹس سے مس نہیں ہو رہے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملازمین نے جن مطالبات کو اعلیٰ حکام کے سامنے پیش کیا ہے انکا سد باب کیا جائے اور ملازمین کو بحرانی کیفیت سے بچایا جائے۔ احتجاجی ملازمین نے متنبہ کیا کہ اگر اعلیٰ افسران نے اپنا طریقہ کار تبدیل نہیں کیا تو وہ وائٹ پیپر عوام کے سامنے پیش کرینگے اور انکی پالسیوں کو عریاں کیا جائے گا۔