عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//پی ڈی پی کی خواتین ونگ نے پیر کو یہاں بجلی فیس میں مجوزہ 20 فیصد اضافے کے خلاف احتجاج درج کیا۔احتجاجی خواتین یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر پر جمع ہوئیں اور انہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور وہ بجلی فیس میں مجوزہ اضافے کی مخالفت میں نعرہ بازی کر رہی تھیں۔اس موقع پر ایک احتجاجی خاتون نے میڈیا کو بتایا: ‘جو غریب لوگ سردیوں میں مشکل سے ہی اپنے عیال کو پال سکتے ہیں وہ کیسے پری پیڈ میٹر لگا سکتا ہے ‘۔انہوں نے کہا: ‘بجلی فیس میں مجوزہ اضافہ سراسر ظلم ہے اور ہم یہاں اسی کے خلاف آواز اٹھانے کے لئے جمع ہوئے ہیں’۔موصوفہ نے نیشنل کانفرنس کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا: ‘نیشنل کانفرنس حکومت میں اندھیرا ہی اندھیرا ہے ، اس حکومت نے 2 سو یونٹ بجلی مفت فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن اب یہ اس کی بات ہی نہیں کرتے ہیں’۔انہوں نے کہا: ‘گھر میں کھانے پینے کا سامان نہیں ہے ، بچوں کے لئے گرم کپڑے نہیں ہیں تو بجلی کا خرچہ کیسے بر داشت کر سکتے ہیں’۔(مشمولات یو این آئی)