منڈی//تحصیل منڈی کے صدر بازار کے بالکل قریب واقع سب ضلع ہسپتال منڈی کے سامنے تین منزلہ مکان بجلی شارٹ سرکٹ کی وجہ سے جل کر خاکستر ہوگیاہے ۔یہ عمارت فدا حسین بانگن، نثار حسین بانگن،ارشاد حسین اور افتخار حسین کی تھی جس میں رکھاہوا سارا سامان بھی راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیاہے ۔مکان مالکان کاکہناہے کہ اچانک سے بجلی آئی اورشارٹ سرکٹ ہونے کی وجہ سے آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔اس دوران اگرچہ منڈی کے صدر بازر اور بس اڈہ کے دکانداروں و مقامی لوگوں نے آگ پر قابوپانے کی کوشش کی لیکن وہ آگ کے سامنے بے بس دکھائی ہوگئے ۔بعد میں فائرسروس کے ملازموں کی کوشش سے آگ پر قابو تو پالیاگیالیکن تب تک سب کچھ جل چکاتھا۔اس دوران پونچھ سے بھی فائر سروس کی گاڑی منگوائی گئی ۔وہیں پونچھ سے ایس ایس پی پونچھ راجیو اوم پرکاش پانڈے اور اے ایس پی مسرور میر بھی موقعہ واردات پر پہنچے اور متاثرین کی حوصلہ افزائی کی۔واضح رہے کہ ضلع پونچھ میں اکثر بجلی شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ کی وارداتیں رونما ہورہی ہیں ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ محکمہ بجلی کی غفلت سے کروڑوں کا نقصان ہورہاہے ۔ انہوںنے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ منڈی میں بجلی کی ترسیلی لائنوں کی مرمت کی جائے تاکہ آئندہ اس طرح کے حادثات رونما نہ ہوں ۔ لوگوں نے متاثرہ کنبے کیلئے امداد کی فراہمی کا مطالبہ بھی کیاہے ۔