پٹن//ہانجی ویرہ بالا پٹن میں بجلی اورپینے کے پانی کی عدم دستیابی کے نتیجے میں پیر کو مقامی لوگوں نے احتجاج دھرنادیکرسرینگرمظفرآبادشاہراہ پرٹریفک کی آمدورفت مسدودبنادی ۔پیرکی صبح سرینگرمظفر آباد شاہراہ پراس وقت گاڑیوں کی آمدورفت میں کچھ وقت کیلئے خلل پڑا،جب بجلی وپانی کی عدم دستیابی کولیکراحتجاج کررہے ہانجی ویرہ بالاپٹن کے مردوزن نے شاہراہ پر احتجاج شروع کیا۔محکمہ بجلی اورمحکمہ پی ایچ ای کے خلاف نعرے بلند کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرین نے شاہراہ پرآنے جانے والی گاڑیوں کی آمدورفت بھی روک دی ۔مظاہرین نے بتایاکہ ماہانہ فیس اداکرنے کے باوجوداُنہیں بجلی سپلائی سے محروم رکھاجارہاہے۔مظاہرین میں شامل خواتین نے بتایاکہ بجلی کے ساتھ ساتھ پوراعلاقہ پینے کے صاف پانی سے بھی محروم ہے ۔انہوں نے کہاکہ ناصاف پانی استعمال کرنے سے علاقے میں بیماریاں پھوٹ پڑنے کا خدشہ ہے۔ٹریفک کی نقل وحرکت میں پیداشدہ خلل کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ اوپٹن کی سربراہی میں پولیس کی ایک ٹیم یہاں پہنچی اورپولیس افسروں نے لوگوں کواپنااحتجاج ختم کرنے پرآمادہ کرنے کی کوشش کی لیکن جب احتجاجی لوگ بیچ شاہراہ پردھرنادیکربیٹھے رہے توپولیس اہلکاروں نے مظاہرین کوبھگانے کیلئے آنسوگیس کے کچھ گولے داغے۔پولیس کارروائی کے نتیجے میں احتجاجی مظاہرین منتشرہوئے اورشاہراہ پرگاڑیوں کی آمدورفت بحال ہوئی ۔