جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے ریاست خاص کر وادی میں ہوئی بھاری برفباری سے پیدا شدہ صورتحال کا جموں میں ایک میٹنگ میں جائزہ لیا۔گورنر ذاتی طور صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں اور انہوں نے محکمہ بجلی اور تعمیراتِ عامہ کو فوری طور بجلی سپلائی بحال کرنے اور سڑکوں سے برف ہٹانے کی ہدایت دی ہے ۔گورنر نے اپنے صلاح کاروں اور چیف سیکرٹری کو ضروری خدمات کی بحالی کے حوالے سے لگاتار جانکاری حاصل کرنے کی ہدایت دی تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔بجلی سپلائی کی بحالی کا جائزہ لیتے ہوئے گورنر کو بتایا گیا کہ برفباری اور پیڑ اُکھڑ جانے کے نتیجے میں ٹرانسمیشن لائنوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے اور بحالیاتی کام شدو مد سے جاری ہے۔محکمہ بجلی کے کمشنر سیکرٹری نے گورنر کو مطلع کیا کہ 90فیصد متاثرہ علاقوں میں شام تک بجلی سپلائی بحال کی جائے گی۔سڑ ک رابطوں کی بحالی کے جائزے کے دوران گورنر کو بتایاگیا کہ تمام بین ضلعی سڑکوں کو بحال کیا گیا ہے اور سری نگر ۔ جموں قومی شاہراہ دوپہر تک بحال ہوگی ۔گورنر نے پرنسپل سیکرٹری فائنانس کو محکمہ بجلی اور تعمیرات عامہ کو خراب پڑے ٹرانسفارمروں کو ٹھیک کرنے اور برف ہٹانے کے کاموں کے لئے معقول رقومات دستیاب کرانے کی ہدایت دی ہے۔جاری بورڈ امتحانات کے حوالے سے گورنر نے محکمہ تعلیم کو امتحانی مراکز میں گرمی کے معقول انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔انہوں نے انتظامیہ کو عوامی مشکلات کا بروقت ازالہ کرنے ، زیر آب علاقوں سے پانی کی نکاسی کے لئے ڈی۔ واٹرنگ پمپ دستیاب کرانے اور عوام کو بلا خلل پینے کا صاف پانی مہیا کرانے کے احکامات دئیے ۔اُنہوں نے سری نگر۔ جموں قومی شاہراہ ، مغل روڑ اور دیگر سڑکوں پر درماندہ مسافروں کو محفوظ مقاما ت پر منتقل کرنے کی بھی ہدایت دی ہے