جموں//پینے کے پانی اوربجلی کی عدم دستیابی کو لے کر کافی تعدادمیں شیوسینااورڈوگرہ فرنٹ کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیااورپریڈ، موتی بازار میں ریلی نکا ل کرآمدورفت میں خلل پیدا کیا۔موتی بازار، دیوان مندر،پکہ ڈنگا، جین بازارورانی پارک علاقوں کے لوگ باہرنکل آئے اورپریڈگرائونڈکے نزدیک زورداراحتجاج کیا۔ مظاہرین کاکہناتھاکہ شہرجموں میں بجلی اورپینے کے پانی کی کمی کی وجہ سے ان کاجینادوبھرہوگیاہے۔امس کے ساتھ ساتھ شہر میں سڑکوں کی حالت بہت ہی خستہ ہوچکی ہے کہ راہ چلنا دشوار بن گیاہے۔خاص طور سے جب بارش ہوتی ہے کہ شہرجموں کی خستہ حال سڑکیں تالابوں اور جھیلوں میں تبدیل ہوجاتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت کے پاس ان سڑکوں کی حالت کوبہتربنانے سے متعلق نہ تو کوئی منصوبہ ہے اور نہ ہی اس ضمن میں کوئی قدم اٹھایاجارہاہے جس کے نتیجہ میں ان سڑکوں کی حالت دن بدن خراب سے خراب ترہوتی چلی جارہی ہے ۔اشوک گپتا نے کہاکہ شدت کی اس گرمی میں بجلی کی غیراعلانیہ کٹوتی سے عوام سخت عذاب میں مبتلا ہیں۔ خاص طورسے خواتین، بچوں ، عمررسیدہ اوربیمارافراد کی تو جان پربن آئی ہے مگر حکومت ہے کہ ٹس سے مس نہیں ہورہی ہے اورنہ ہی عوام کی شکایت سُننے کے لئے کوئی تیار ہے اورپھراس پرستم ظریفی یہ کہ بجلی کے بندہوجانے کی وجہ سے پانی کی سپلائی بھی بندہوجاتی ہے ۔عوام کومجبوراً پرائیویٹ واٹرٹینکروں سے پینے کے لئے پانی خریدناپڑرہاہے کیونکہ محکمہ پی ایچ ای عوام کوضرورت کے مطابق پینے کاپانی فراہم کرنے میں ناکام ہوچکاہے۔ انہوں نے کہاکہ بجلی کے زیادہ ٹرانسفارمر خراب پڑے ہوئے ہیں جس کاخمیازہ عوام کوبھگتناپڑرہاہے۔