سرینگر//بجبہاڑہ چوک میں فوج کی فائرنگ سے منگل کو زخمی ہونے والے 65سالہ بزرگ قاضی محمد عبداللہ گنائی صورہ میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔ اسپتال ذرائع نے بتایا کہ محمد عبداللہ گنائی کی حالت منگل کی شام بگڑ گئی جس کے بعد اسکو سکمز صورہ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بزرگ شہری کی حالت نازک قرار دیتے ہوئے اسے وینٹی لیٹر پر رکھا ۔ مگرمنگل بعد دوپہر وہ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔ مذکورہ شہری کے فوت ہونے کی خبر پھیلتے ہی لوگ احتجاج کرنے کیلئے سڑکوں پر آئے جبکہ علاقے میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ مقامی لوگوں نے مذکورہ بزرگ کی تدفین جمعرات کو کرنے کا اعلان کیا ۔ بون اینڈ جوائنٹ اسپتال سرینگر کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالرشید بڈو نے کہا ’’ مذکورہ شہری کو کافی نزدیک سے گولی لگی تھی ۔‘‘ ڈاکٹر عبدالرشید نے کہا کہ گولی لگنے کی وجہ سے مذکورہ شخص کی ٹانگ کی ہڈی کے 5انچ مکمل طور پرتباہہوچکے تھے جبکہ عصبی نظام اور خون کی نسوں کو بھی زبردست نقصان پہنچا تھا۔