اننت ناگ//مال، امداد اور باز آباد کاری کے وزیر عبدالرحمان ویری نے کہا ہے کہ بجبہاڑہ میں پی ایم ڈی پی کے تحت18 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک سب ڈسٹرکٹ ہسپتال تعمیر کیا جائے گا۔وزیر نے ان باتوں کا اظہار بجبہاڑہ ہسپتال تعمیر کرنے کی جگہ کا معائنہ کرنے کے دوران کیا۔اُن کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ محمد یونس ملک، ناظم صحت سلیم الرحمان کے علاوہ کئی دیگر محکموں کے افسران بھی تھے۔وزیر نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ جدید سہولیات سے لیس ہسپتال تعمیر کا تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ جلد از جلد تیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف تعمیراتی کاموں کے لئے وقت کا تعین مقرر کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے ہسپتال کے مختلف یونٹوں کا بھی معائنہ کیا۔ویری نے ہسپتال کے لئے ایک ڈیجیٹل ایکسرے مشین خریدنے کے لئے10 لاکھ روپے دینے کا بھی اعلان کیا۔۔وزیرنے افسروں سے کہا کہ وہ ایس ڈی ایچ عمارت پر23 لاکھ روپے کی لاگت سے ہونے والے تجدید ی کام جلد از جلد شروع کریں۔