اننت ناگ +پلوامہ //جنوبی کشمیر کے بجبہاڑہ قصبہ میں مسلح افراد نے فوجی کانوائے کو نشانہ بناتے ہوئے گولیاں چلائیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ادھر پلوامہ کے ایک مضافاتی گائوں میںایک نوجوان کو ہلاک کیا گیا۔بجبہاڑہ میں اس وقت افراتفری اور تنائو کی صورتحال پیدا ہوئی جب اتوارکی صبح فوجی کانوائے پر فائرنگ کی گئی۔پولیس نے بتایا کہ جنگجوئوں نے بجبہاڑہ میں شاہراہ پر فوجی گاڑیوں پر فائرنگ کی تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔فوج وفورسز نے حملے کے فوراً بعد علاقے کو محاصر ے میں لے کر حملہ آئوروں کی تلاش شروع کردی ۔یہ سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا جس دوران فرار ہوئے حملہ آوروں اور فوج وفورسز کے درمیان کوئی آمنا سامنا نہیں ہوا ۔اس دوران پلوامہ کے پنگلنہ علاقے میں سنیچر کی شام نامعلوم بندوق بردار نمودار ہوئے ،جنہوں نے 26سالہ نوجوان اعجاز احمد ملک ولدعلی محمدملک کو گولیوں کا نشانہ بنایا ۔ اس حملے میں مذکورہ نوجوان شدید زخمی ہوا ،اُسے پہلے پلوامہ اسپتال پہنچایا گیا ،جہاں سے اُسے صدر اسپتال منتقل کیا گیا ۔ اعجاز احمد رات 11بجکر40منٹ پر زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا ۔جونہی مذکورہ مہلوک کی میت آبائی گھر پہنچائی گئی ،تو یہاں کہرام اورصف ماتم بچھ گئی ۔بعد میں اُسے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا ۔بتایا جاتا ہے کہ وہ جنتا دل یو نائٹیڈ کے ضلع صدر تھے۔