عظمیٰ نیوزسروس
جموں//وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے واضح کیاکہ بجالتا جموں میں مجوزہ اِنٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم جموں و کشمیر حکومت کا منصوبہ نہیں ہے۔وزیراعلیٰ نے ایوان میں وقفہ سوالات کے دوران مداخلت کرتے ہوئے کہا’’کرکٹ سٹیڈیم کی تجویز جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن نے دی تھی لیکن اس پر عمل درآمد نہیں ہوا‘‘۔اِس سے قبل وزیر برائے اَمورِ نوجوان و کھیل کود ستیش شرما نے رُکن اسمبلی شیام لال شرما کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ اَمورِ نوجوان و کھیل کود کی جانب سے بجالتا جموںمیں اِنٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم کے قیام کے لئے کوئی تجویز پیش نہیں کی گئی تھی۔وزیر موصوف نے ایوان کو بتایا کہ جموں ایسٹ اسمبلی حلقے میں مختلف سکولوں میں کھیل میدان دستیاب ہیں جہاں محکمہ اَمورِ نوجوان و کھیل کود کے عملے کی نگرانی میں سال بھر کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رہتی ہیں۔ اِن سکولوں میں جی جی ایچ ایس ایس مبارک منڈی، ایس آر ایم ایل پریڈ، جی ایچ ایس ایس سینٹرل بیس، جی ایچ ایس ایس ہری سنگھ، جی ایچ ایس ایس جولاکھا محلہ، جی ایچ ایس سٹی چوک، ایچ ایس ایس کھنہ چرگل، ایچ ایس بین بجالتا اور ایچ ایس چک لارجن شامل ہیں۔