عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//آئی سی اے آر-انڈین گراس لینڈ اینڈ فوڈر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ، جھانسی اور کشمیر کی شیرکشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی سکاسٹ کشمیر نے ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے جس میں متعدد باہمی تعاون پر مبنی تحقیق اور توسیعی اقدامات پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ ان میں چارے کے جینیاتی وسائل کا تحفظ اور استعمال، چارے پر مبنی زرعی جنگلات کے نظام، باغبانی کی نشوونما، گھاس کے میدانوں کی تجدید، اور چرواہی شامل ہیں۔ شراکت داری کا مقصد چارے کی فصلوں اور گھاس کے میدانوں میں تحقیق کو بڑھا کر، چارے کی پیداواری صلاحیت کو بہتر بنا کر، اور جدید ٹیکنالوجیز اور طریقوں کے ذریعے چرواہی برادریوں کے ذریعہ معاش کو سہارا دے کر پائیدار زرعی طریقوں کو فروغ دینا ہے۔ یہ تعاون اداروں کے درمیان مہارت، وسائل اور طلباء کے تبادلے میں بھی سہولت فراہم کرے گا۔ یاداشت پر پروفیسر ہارون آر نائک، ڈائریکٹر ریسرچ اور ڈاکٹر پنکج کوشل ڈائریکٹر، ICAR-IGFRI نے وائس چانسلرپروفیسر نذیر احمد گنائی کی موجودگی میں دستخط کیے۔