بجبہاڑہ//جنوبی کشمیر میںپارلیمانی انتخاب کا پہلا رائونڈ ختم ہونے کے 48گھنٹوں کے بعد ہی بجبہاڑہ میں فورسز کے ہوئی ایک خونریز مڈبھیڑ میں 2حزب جنگجو جان بحق ہوئے ہیں جبکہ تصادم کے بعد مشتعل لوگوں اور فورسز کے درمیان ہوئی پر تشدد جھڑپوں میں 4افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ادھر انتظامیہ نے ضلع بھر میں امن و قانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے موبائل انٹرنیٹ سروس کو اگلے احکامات تک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ۔ 23اپریل کو ضلع اننت ناگ کے 6اسمبلی حلقوں میں ہوئی پہلے مرحلے کی پولنگ کے محض 2روز بعد قصبہ بجبہاڑہ کے باگندر محلے میں جمعرات کی علی الصبح فوج اور جنگجوئوں کے مابین خونین گھمسان شروع ہوا جس میں حزب المجاہدین سے وابستہ 2مقامی جنگجو جاں بحق ہوگئے۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق پختہ اطلاع ملتے ہی فوج کی 3آر آر، ایس او جی اننت ناگ اور سی آر پی ایف کے اہلکاروں نے جمعرات کواذان فجرسے قبل قصبہ بجبہاڑہ کے باگندرمحلہ کومحاصرے میں لے لیا۔ذرائع کے مطابق پورے علاقے کوچاروں اطراف سے سیل کردینے کے بعدجب علی الصبح سیکورٹی دستوں نے جنگجومخالف آپریشن کے تحت گھرگھرتلاشی کارروائی شروع کی تومحاصرے میں پھنسے جنگجوئوں نے فرارہونے کی کوشش کے تحت سیکورٹی اہلکاروں پراندھادھندفائرنگ شروع کردی جسکے جواب میں فوج ،فورسزاورایس اوجی اہلکاروں نے مورچے سنبھال کرجوابی کارروائی عمل میں لائی۔ذرائع نے بتایاکہ طرفین کے درمیان کچھ وقت تک جاری رہنے والی اس جھڑپ کے دوران 2جنگجوجان بحق ہوئے۔پولیس کی جانب سے جاری بیان میں بتایاگیاکہ محلہ باگندربجبہاڑہ میں 2جنگجوئوں کی نعشیں اورکچھ ہتھیاروغیرہ برآمدکیاگیاجن میں ایک اے کے رائفل اورایک ایس ایل آرشامل ہے۔
مہلوک جنگجوئوں کی شناخت 25سالہ صفدرامین بٹ ولدمحمدامین بٹ ساکن زرپورہ بجبہاڑہ اور25سالہ برہان احمدگنائی عرف سیف اللہ ولدغلام محمدگنائی ساکن مالی پورہ حبلش کولگام حال سکونت ایس کے کالونی اننت ناگ کے بطورہوئی۔پولیس ذرائع کے مطابق صفدر امین نویں جماعت کا طالب علم تھا۔جو12-02-2017 سے عسکریت میں سرگرم ہوا۔ برہان احمد گنائی عرف سیف اللہ نے بھی بارہویں جماعت کا امتحان پاس کرنے کے بعدفیزیوتھیرپی میں داخلہ لیا تاہم 24جون 2018کو انہوں نے تعلیمی کیرئر کو ادھورا چھوڑ کر حزب المجاہدین میں شمولیت اختیار کی۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ باگندرمحلہ بجبہاڑہ میں جھڑپ کے دوران مارے گئے ان دونوں مقامی جنگجوئوں کاتعلق حزب المجاہدین سے تھااوریہ دونوں پولیس کوکئی ملی ٹنسی وارداتوں ،حملوں اورہلاکتوں کے واقعات میں مطلوب تھے ،اوران کیخلاف مختلف پولیس تھانوں میں کیس درج تھے۔معلوم ہواکہ حزب المجاہدین سے وابستہ دومقامی جنگجوئوں کے جاں بحق ہونے کی خبرپھیلتے ہی بجبہاڑہ اوراننت ناگ قصبوں میں مکمل ہڑتال کی گئی ،اوردونوں نزدیکی قصبوں میں بازاربندرہے۔ادھر برہان احمدگنائی عرف سیف اللہ اورصفدرامین بٹ کی نعشوں کوآبائی علاقوں ایس کے کالونی اننت ناگ اورزرپورہ بجبہاڑہ پہنچایاگیاتوہزاروں کی تعدادمیں لوگ ان دونوں علاقوں میں جمع ہوگئے۔برہان گنائی اورصفدرامین کی آخری رسومات میں شامل ہونے والے لوگوں کی تعداداتنی زیادہ تھی کہ کئی بارنمازجنازہ اداکی گئی۔دونوں مقامی جنگجوئوں کی نعشوں کوآبائی علاقوں میں اسلام اورآزادی کے نعروں اوررقت آمیزمناظرکے بیچ سپردلحدکیاگیا۔برہان کی تجہیزوتکفین کے بعدبجبہاڑہ میں مشتعل نوجوانوں نے کچھ وقت کیلئے سنگباری کی۔سنگباری کے جواب میں پولیس وفورسزاہلکاروں نے آنسوگیس کے گولے داغے اورپیلٹ چھروں کااستعمال بھی کیاجسکے نتیجے میں 4 نوجوانوں کے زخمی ہوجانے کی اطلاع ہے۔ادھر انتظامیہ نے جھڑپ شروع ہونے کیساتھ ہی ضلع بھر میں امن و قانون کی صورتحال کو یقینی بنانے کی خاطر موبائل انٹرنیٹ سروس کو اگلے احکامات تک معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔(مشمولات کے این ایس)