عظمیٰ نیوز سروس
اننت ناگ//مشہور سیاحتی مقام کوکرناگ میں واقع باٹونیکل گارڈن کی حالت ناگفتہ بہہ ہے۔یہ باغ کبھی سیاحوں سے بھرا رہتا تھا لیکن آج بیشتر زمین خشک نظر آرہے اور سبزہ بہت کم دکھائی دیتا۔ باغ جگہ جگہ بنجر دکھائی دیتا جبکہ اسٹریٹ لائٹس خراب پڑی ہیں ۔ اس پر طرہ یہ کہ بنیادی سہولیات خاصکربیت الخلاء کا فقدان ہے، جس کے نتیجے میں سیاح مایوس نظر آرہے ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ محکمہ پھولبانی نے باغ کو آئوٹ سورس کیاہے لیکن اس کی دیکھ بھال بالکل نہیں ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا’’باغ کی یہ حالت علاقے کی خوبصورتی، مقامی معیشت اور سیاحتی سرگرمیوں کو متاثر کر رہی ہے‘‘۔ مقامی لوگوں نے باغ کی خستہ حالی کیلئے انتظامیہ خاصکر محکمہ پھولبانی کے ساتھ ساتھ یہاں آنے والے لوگوں اور سیاحوں کو بھی مورد الزام ٹھہرایا تاہم لوگوں نے متعلقہ محکمہ سے باغ کی شان رفتہ بحال کرنے کی اپیل کی۔اس سلسلے میں محکمہ کا کہنا ہے کہ باغ کی موجودہ حالت تسلی بخش نہیں ہے تاہم جلد ہی اس کی تعمیر وترقی کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔