محمد تسکین
بانہال // بانہال کے دور افتادہ علاقہ ٹھنڈی چھاؤں نوکوٹ میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں ایک دو منزلہ رہائشی مکان مکمل طور سے خاکستر ہوگیا ہے اور کنبے کا تمام مال و متاع جل کر راکھ ہو گیا ۔یہ مکان نزدیکی رابطہ سڑک سے دور ہونے کی وجہ سے فائر سروس کی گاڑی یہاں نہیں پہنچی اور مقامی لوگوں کی طرف سے آگ بجھانے کی کوشش کارگر ثابت نہیں ہو سکی۔ یہ رہائشی مکان مولوی محمد صادق ساکنہ نوکوٹ بانہال کا تھا۔آگ نمودار ہونے کی خبر ملتے ہی نزدیکی فوجی کیمپ سے فوج ، بانہال والنٹیئر کے رضاکار اور تحصیلدار بانہال امتیاز احمد موقع واردات پر پہنچے اور بچاو کاروائیوں کا آغاز کیا لیکن تب تک یہ دومنزلہ رہائشی مکان مکمل طور سے تمام مال و اسباب سمیت جل کر راکھ ہو چکا تھا۔ فوج ، بانہال والنٹیئرس کے رضاکاروں نے مقامی لوگوں کے ساتھ ملکر کچھ سامان کو بچانے کی کوشش کی تاہم وہ آگ پر قابو پانے میں کامیاب نہیں ہو پائے۔ آگ کی اس واردات میں گھر کے تمام مکین اور مال مویشی بغیر کسی نقصان کے بچ نکلے ہیں۔ لوگوں نے متاثرہ کنبے کو مالی معاونت کیلئے ڈپٹی کمشنر رام بن سے اپیل کی ۔