بانہال // بانہال میں بدھ کی شام شستر سیما بل پر ہوئے حملے میں ملوث تین میں سے دو نوجوانوں کو بانہال پولیس نے گرفتار کرلیا ہے اور اْن کے قبضے سے ایس ایس بی کے جوانوں سے چھینی گئی دو رائفلیں بھی برآمد کی گئیں ہیں ،جبکہ عاقب وحید نام کا ایک نوجوان ابھی بھی لاپتہ ہے۔ پولیس کی یہ کارروائی گھر والوں کی طرف سے فراہم کی گئی جانکاری کے بعد کسکوٹ علاقے میں عمل میں لائی گئی اور دونوں کو ہتھیاروں سمیت دھر لیا گیا ہے۔ غضنفراقبال خان اور محمدعارف وانی کوکسکوٹ کے اوپری علاقے میں گرفتار کیا گیا۔مفرورتین نوجوانوںمیں سے ایک طالب علم عاقب وحید کو کو پکڑنے کیلئے تلاشی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گرفتار کئے گئے غضنفر اقبال اننت ناگ ڈگری کالج میں زیر تعلیم ہے جبکہ محمد عارف فورلین شاہراہ کے ٹنل میں بطور ہیلپر کام کر ررہا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ عاقب کو بھی جلد ہی گرفتار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چھینے گئے دونوں ہتھیار برآمد کئے گئے ہیں تاہم جس پستول سے ایس ایس بی کے اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی تھی وہ ابھی تک برآمد نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا نوجوانوں سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔