بلال فرقانی
سرینگر//بانہال اسمبلی حلقہ انتخاب میں7امیدواروں کی سیاسی تقدیر18ستمبر کو الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں بند ہوگی۔ اس نشست پر رائے دہنگان کی مجموعی تعداد ایک لاکھ26ہزار96ہے جن میں65ہزار27مرد اور61ہزار69خواتین شامل ہے۔الیکشن کمیشن آف انڈیا نے رائے دہندگان کیلئے194پولنگ مراکز کا قیام عمل میں لایا تھا۔ پہلے مرحلے میں ہونے والے انتخابات میں اصل مقابلہ کانگریس کے امیدوار اور سابق وزیر وقار رسول وانی اور نیشنل کانفرنس کے سجاد شاہین کے درمیان ہے۔ کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے درمیان انتخابی سمجھوتے کے مطابق اس اس نشست پر دوستانہ مقابلہ کرنے پر اتفاق پایا گیا۔ دیگر امیدواروں میں پی ڈی پی امیدوار امتیاز احمد شان،بی جے پی کے محمد سلیم بٹ،عام آدمی پارٹی کے مدثر عظمت،آزاد امیدوار بشیر احمد شان اورمنظوراحمد ملک شامل ہیں۔اس نشست پر ماضی میں ہوئے الیکشن کے دوران نیشنل کانفرنس نے4جبکہ کانگریسنے3بار کامیابی درج کی ہے۔نشست کا وجود1967میں عمل میں لایا گیا اور ابتدائی الیکشن میں نیشنل کانفرنس کے محمد اختر نظامی نے کامیابی حاصل کی،تاہم1972کے الیکشن میں اس نشست سے کانگریس کی خاتون امیدوار حاجرہ بیگم نے جیت درج کی۔1977کے الیکشن میں نیشنل کانفرنس کی ٹکٹ پر مولوی عبدالرشید نے بازی ماری اور1982کے علاوہ1987کے الیکشن میں مسلسل جیت درج کرتے ہوئے ہیٹرک مار دی۔1996کے الیکشن میں اس نشست سے آزاد امیدوار محمد فاروق میر نے کامیابی حاصل کی جبکہ2002کے الیکشن میں مولوی عبدالرشید نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے بازی ماری۔2008کے الیکشن میں کانگریس امیدوار وقار رسول وانی نے جیت درج کرکے کانگریس کو فتح یاب کیا جبکہ2014میں وقار بانہالی نے دوسری مرتبہ اس نشست پر بازی مار لی۔ وقار رسول وانی نے 17ہزار671ووٹ حاصل کئے اور اپنے مد مقابل پی ڈی پی امیدوار بشیر رونیال کو قریب4ہزار ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔