محمد تسکین
بانہال // بانہال کے کمیونٹی ہال میں 7ویں ضلع رام بن فینسنگ چیمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلع بھر کے نوجوان کھلاڑیوں نے شمولیت کی اور اس کھیل میں اپنی مہارت کا بھرپور مظاہرہ کیا ۔اس موقع پر سینئرصحافی و کشمیر عظمیٰ کے نامہ نگار محمد تسکین مہمان خصوصی کے طور جبکہ ڈی ڈی سی کونسلر رامسو بشیر احمد نائیک ، صدر ٹریڈرس فیڈریشن بانہال انجینئر شاداب احمد وانی اور چیمپئن شپ کے سپانسر کیول سنگھ رامسو والے (.مالک سٹی ڈائگنوسس جموں )!مہمان ذی وقار کے طور موجود تھے۔ چیمپئن شپ کے دوران کھلاڑیوں نے اپنی مہارت اور کھیل کے جذبے کا مظاہرہ کیا اور مقامی لوگوں کیلئے اس نئے کھیل یعنی فینسنگ یا تلوار بازی کے مقابلے میں رامسو ، کھڑی اور بانہال کے مختلف سکولوں کے لڑکیوں اور لڑکوں نے اس کھیل میں اپنی مہارت اور کمال کے کرتب دکھائے اور وہاں موجود شائقین کو محظوظ کیا۔ مختلف عمر کے چار زمروں میں بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا۔ اس مقابلے میں انیس سال سے کم عمر کے بہترین کھلاڑیوں کو چار زمروں میں بانٹا گیا تھا ۔ بارہ سال سے کم عمر کے لڑکوں کے مقابلے میں پلے وے سکول بانہال کے حاذق امتیاز نے سونے کا تمغہ جیتا جبکہ سکائی ٹچ سکول ناچلانہ کے ایام لطیف نے چاندی اور سکائی ٹچ سکول کے صہیب مشتاق اور پلے وے سکول کے ریان ریاض نے کانسی کا تمغہ جیت لیا۔ چودہ سال سے کم عمر کے لڑکوں کے مقابلے میں توفیق فیاض (اسکائی ٹچ اسکول، ناچلانہ) نے سونے کا تمغہ جیتا جبکہ صہیب نسار (پلے وے انٹرنیشنل اسکول، بانہال) نے چاندی اور منیب احمد اور محمد مصطفیٰ (دونوں اسکائی ٹچ اسکول کے کھلاڑی) کے حصے میں کانسے کے میڈل آئے۔لڑکیوں کے زمرے میں میں سونے کا تمغہ ادیبا سہیل (اسکائی ٹچ اسکول، ناچیلانہ) نے حاصل کیا جبکہ چاندی کا تمغہ روحانہ شیز (پلے وے انٹرنیشنل اسکول، بانہال) کے حصے میں آیا اور کانسی کے تمغے پر ناظمہ اور ادینا آصف (اسکائی ٹچ اسکول، ناچلانہ) قبضہ کیا ۔انڈر 19لڑکوں کے زمرے میں ریاستی اور قومی سطح کے مقابلوں میں شرکت کرنے والے ضلع رامبن کے کھلاڑیوں نے شرکت کی ۔ اس۔مقابلے میں سونے کا تمغہ راقب یوسف نے جیتا جبکہ چاندی کا تمغہ فیضان سہیل کے حصے میں آیا۔ کانسی کے تمغے مہجور احمد سہیل اور رشید نصیر نے حاصل کیے۔اس مقابلے میں شرکت کرنے والے تمام کھلاڑیوں اور دیگر شرکاء کو مقابلے میں شرکت کے سرٹیفکیٹ بھی دیے گئے، جس سے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوئی۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے صحافی محمد تسکین وانی نے کہا کہ کھیل کود کے تمام قسم کے مقابلے ہمارے نوجوانوں کی صحت اور ذہنی و جسمانی نشوونما کیلئے اہمیت کا حامل ہیں۔ انہوں نے تمام تر مشکلات کے باوجود ضلع فینسنگ ایسو سی ایشن رام بن کے منتظمین اور اس چیمپیئن شپ کو سپانسر کرنے والے رامسو کے کاروباری شخصیت کیول کمار کی کوششوں کی سراہنا کی جن کے بدولت بانہال میں پہلی بار فینسنگ چیمپئن شپ کا انعقاد ممکن ہو سکا ۔ محمد تسکین نے بچوں پر زور دیا کہ وہ کھیلو انڈیا کی مہم میں حصہ لیں اور اپنے کھیل کود اور ہنر نکھارنے کیلئے کھیلو انڈیا کے پروگرام کا بھرپور فائیدہ اٹھائیں۔ انہوں نے مقابلے میں شریک کھلاڑیوں کو تلقین کی وہ موبائل اور انٹرنیٹ کا منصفانہ اور با مقصد استعمال کریں ۔ انہوں نے کہا کہ موبائل فون کے زریعے انٹرنیٹ پر خرافاتی کنٹینٹ کے بجائے اس کنٹینٹ میں وقت صرف کریں جہاں سے انہیں علم اور سمجھنے اور سیکھنے کو کچھ حاصلِ ہو سکے ۔ انہوں نے نوجوانوں کھلاڑیوں اور سکولی بچوں پر زور دیا کہ پڑھائی میں جدید دور کے تقاضوں اور آرٹیفشل انٹیلیجنس سے ہم آہنگ ہونے کے ساتھ ساتھ کھیل کود کا بھی حصہ بنیں تاکہ وہ ہر لحاظ سے آگے بڑھ سکیں اور ترقی کرسکیں۔ اس موقع پر صدر ٹریڈرس فیڈریشن بانہال انجینئر شاداب احمد وانی نے کہا کہ ہمارے ضلع رام بن کے کھلاڑیوں میں کھیل کے ہر شعبے میں ہنر اور ٹیلنٹ ہے لیکن اس دور بھی ابھی تک پورے ضلع رامبن میں کوئی انڈور سٹیڈیم تو دور کی بات کوئی ڈھنگ کا کھیل کا میدان بھی نہیں موجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفیان وحید اور دیگر کھلاڑیوں نے فینسنگ کے کھیل کو سیکھنے اور کھیلنے کیلئے جموں ، سرینگر کے علاؤہ باہر کی ریاستوں میں تربیت حاصل کی اور تب جاکر وہ کامیاب ہوئے کیونکہ ضلع رامبن میں کھیل کود کو فروغ دینے کیلئے بنیادی ڈھانچہ ہی موجود نہیں ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کہ وہ ضلع رام بن کے تمام تحصیلوں پر کھیل کود کے فروغ کیلئے کھیل کے میدان اور فینسنگ اور دیگر کے کھیلوں کیلئے انڈور سٹیڈیم تعمیر کریں تاکہ نوجوان کو خراب راستوں اور منشیات سے بچا کر کھیل کود اور صحتمندی کیطرف لایا جا سکے۔ اس موقع پر فینسنگ ایسوسیشن رامبن کے کو معصود احمد کے علاؤہ قومی اور ریاستی سطح پر کھیلنے والے مہجور احمد ، راشد نصیر ، عرفان بالی ، سیرت وحید سوہل اور سعاد الرحمان جیسے کھلاڑیوں نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے یک زبان ہوکر کہا کہ حکومت کو رام بن ضلع میں فینسنگ کھیل کیلئے ایک انڈور ہال اور فینسنگ کا سامان اور بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ یہاں فی سنگ سے جڑے کھلاڑیوں کو بہتر پلیٹ فارم میسر ہو اور وہ جرمنی اور نیوز لینڈ سے اپنے ملک کی قیادت کر چکے رامسو کے چھوٹے گاؤں کے کھلاڑی سفیان وحید سوہل کی طرح اپنے ملک ، قوم اور علاقے کا نام روشن کر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ سفیان وحید سے متاثر ہوکر اس انجان کھیل کی طرف راغب ہوئے تھے لیکن اب رامسو اور رامبن کے کئی کھلاڑیوں نے قومی اور ریاستی سطح کے مقابلوں میں اپنا لوہا منوایا یے جبکہ سفیان وحید سوہل نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنے ملک اور ضلع رامبن کا نام روشن کیا ہے ۔اس چیمپیئن شپ کی نظامت اور کمنٹری کے فرائض عثمان عطا نے بہترین انداز کے ساتھ انجام دیئے اور قدم قدم پر مقابلے میں شامل کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھاتے رہے۔