محمد تسکین+عاصف بٹ +غلام نبی رینہ
بانہال+کشتواڑ +کنگن //جموں سرینگر شاہراہ پر لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آکر ایک ٹرک میں سوار دو افراد زخمی ہوئے۔ شاہراہ کو فوری طور پر بند کردیا گیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ دوپہر جموں سرینگر شاہراہ پر ایک ٹرک بڑے پیمانے پر پسی کی زد میں آ گیا جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہو گئے۔ مرغوں سے بھرا ٹرک پٹھانکوٹ سے سرینگر آرہا تھا جب شاہ بن باس کے مقام پر پسی گر آئی۔ایک ٹویٹ میں ڈپٹی کمشنر رام بن نے کہا، شاہراہ پر بانہال کے قریب ر تن باس سے سلائیڈ کی اطلاع ملی، جس میں ایک ٹرک پھنس گیا۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے لکھا، “ٹرک میں سوار جسونت راج ولد سرداری لال( 35 ) اور نریندر سنگھ ولد گگدیش سنگھ( 46 ) دونوں پٹھانکوٹ کے رہائشی ہیں، جنہیں زخمی حالت میں ٹرک سے نکالا گیا اور سب دسٹرکٹ اسپتال بانہال میںداخل کیا گیا جہاں وہ زیر علاج ہیں۔متعلقہ حکام نے بتایا کہ تیز بارشوں کی وجہ سے قومی شاہراہ پر شالگڈی بانہال کے نزدیک مٹی کے تودے اور پتھر گر آئے جس کی وجہ سے شاہراہ کو بدھ کی رات قریب ساڑھے دس بجے ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا، جس سے قریب تین سو گاڑیاں درماندہ ہوئیں۔ ٹریفک پولیس نے جمعرات کی صبح ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ شاہراہ پر شالگڈی کے مقام پر ملبے کو صاف کیا گیا ہے اور درماندہ گاڑیوں کو اپنی اپنی منزلوں کی طرف روانہ ہونے کی اجازت دی گئی ہے۔دریں اثناء مٹی تودے گرآنے سے رہائشی مکان زمین بوس ہونے سے نوجوان ہلاک ہوا۔کشتواڑسے پندرہ کلومیٹر دور کڑیا کے قریب جمعرات علی الصبح مٹی کا تودا گرآیا۔ رات بھر ہوئی موسلادھار بارشوں کے سبب صبح قریب چار بجے مٹی کے تودے وپتھر مکان پر گرآئے جس کے دوران مکان میں سورہے دو افراد پھنس گئے۔ فوری طور مقامی لوگوں نے بچائو کارروائی عمل میں لائی اور زخمی افراد کو باہر نکالا تاہم 19 محمد ارشد ولد محمد اقبال کی موقعہ پر موت ہی واقع ہوئی تھی۔جبکہ گل محمد و نذیر احمد کے دو گائو خانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا تاہم مویشوں کو بچالیا گیا ۔مقامی لوگوں و سرپنچ نے بتایا کہ یہ دوسرا واقعہ ہے جبکہ چند سال قبل بھی اسی طرح کا واقعہ پیش آیا تھا ۔یہاں پہاڑی پرسے مٹی کے تودے گرآنے کا خطرہ لاحق رہتاہے ۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے انہیں فوری طور معاوضہ اور کسی دوسری جگہ منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ۔ادھرسرینگرکرگل شاہراہ پر زوجیلا پاس پر گاڑیوں کی آمدورفت 10 دنوں سے زیادہ بند رہنے کے بعد جمعرات کو یک طرفہ ٹریفک کے لیے جزوی طور پر بحال ہو گئی۔ شاہراہ برفانی تودے گرنے اور خراب موسم کی وجہ سے 11 دن تک بند رہی۔پولیس نے کہا کہ سرینگرکرگل روڈ پر یک طرفہ ٹریفک بحال کر دیا گیا، اور پھنسے ہوئے ہلکی موٹر گاڑیوں بشمول مسافر گاڑیوں کو سونمرگ سے کرگل کی طرف جانے کی اجازت دی گئی۔زوجیلا پاس پر برفانی تودے گرنے کے بعد 16 اپریل سے سینکڑوں ہلکی اور بھاری موٹر گاڑیاں بشمول ٹرک شاہراہ کے دونوں طرف پھنسے ہوئے ہیں۔