محمد تسکین
بانہال // کانگریس کے ریاستی صدر وقار رسول کی قیادت میں پارٹی کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے کانگریس کے نو منتخب جنرل سکریٹری اور انچارج جموں و کشمیر بھرت سنگھ سولنکی اور نو منتخب اے آئی سی سی جنرل سکریٹری انچارج جھارکھنڈ اور مغربی بنگال غلام احمد میر کا بانہال میں شاندار استقبال کیا گیا۔ کانگریس کے نو منتخب عہدیدار منتخب ہونے کے بعدپہلی بار جموں و کشمیر کا دورہ کر رہے ہیں اور بعد میں انہیں اننت ناگ میں کانگریس کے ایک پروگرام میں شرکت کرنا تھا۔اس موقع پر کانگریس صدر وقار رسول اور پارٹی جنرل سیکریٹری امتیاز احمد کھانڈے کی قیادت میں سینکڑوں ورکروں نے کانگریس پارٹی لیڈروں کو ایک ریلی کی صورت میں شاہراہ پر واقع گنڈ عدلکوٹ سے قصبہ بانہال تک ایک ریلی کی صورت میں لایا اور اس ریلی میں کانگریس کے سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی۔اس موقع پر انچارج جموں و کشمیر بھرت سنگھ سولنکی نے کہا کہ جموں و کشمیر اور لداخ کی پارلیمانی سیٹیں انڈین آلائنس جیتے گا اور لوگ چاہتے ہیں کہ بھارتیہ جنتا پارٹی دہلی سے جائے اور کانگریس اور انڈین آلائنس سرکار بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق رواں برس ستمبر میں جموں و کشمیر میں اسمبلی الیکشن کرائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو پارلیمنٹ الیکشن کے ساتھ ساتھ ہی اسمبلی اور بلدیاتی انتخابات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ہار کے ڈر سے ریاست جموں وکشمیر میں انتخابات سے بھاگ رہی ہے اور بلدیاتی انتخابات اور اسمبلی انتخابات کو ٹال رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ریاست جموں و کشمیر سے پارلیمانی اور اسمبلی الیکشن ہار جائیگی اور لوگوں نے انہیں مسترد کر دیا ہے۔ سابقہ مرکزی وزیر بھرت سنگھ سولنکی نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر اور ملک میں اچھا ماحول بن رہا ہے اور کانگریس اور ان کے الائنس کی جیت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے پارلیمانی انتخابات میں جموں و کشمیر کی پانچ اور لداخ کی سیٹ کانگریس اور انڈین الائنس جیت درج کرینگے۔انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی جمہوریت ، عوام اور آئین میں یقین نہیں رکھتی ہے بلکہ ڈرا کر سرکار چلانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر کے لوگ بھارتیہ جنتا پارٹی سے تنگ آئی ہے اور آئندہ اسمبلی ، پارلیمانی ، پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات میں کوگ بھارتیہ جنتا پارٹی کو اکھاڑ پھینکیں گے۔