بانہال // تحصیلدار بانہال نے اج دیگر افسروں کے ہمراہ شاہراہ پر واقع قصبہ بانہال میں کئی دوکانوں اور دیگر تجارتی مراکز کی چیکنگ کی اور اس موقع پر کئی دوکانداروں اور ہوٹل والوں کے خلاف جرمانہ عائد کیا گیا تاہم بیشتر تاجروں اور دوکانداروں کو ریٹ لسٹ ، قیمتوں کے اعتدال اور صحت و صفائی کے بارے میں قواعد و ضوابط اور قانون کی پاسداری کی وارننگ کے بعد چھوڑ دیا گیا – تحصیلدار بانہال نیاز احمد وانی سربراہی والی قصبہ بانہال کی چیکنگ کرنے والی اس ٹیم میں تحصیل سپلائیز افسر عبدالوحید گیری کے علاوہ میونسپل کمیٹی بانہال اور پولیس اہلکار شامل تھے- چیکنگ کے دوران تمام دوکانداروں، تاجروں ، پھل ، سبزی ، دودہ پنیر، رسوئی گیس اور سلنڈر فراہم کرنے والے کونٹروں اور قصابوں کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ گاہکوں کو مقرر قیمتوں سے اوپر کسی بھی چیز کو فروخت کرنے اور گاہک کو لوٹنے کی کوشش سے باز رہیں تاکہ عام گاہکوں کو کسی مشکلات کا سامنا کئے بغیر مناسب قیمتوں پر ضروریات زندگی کی چیزیں مہیا رکھی جا سکیں۔ چیکنگ کے دوران بعض دوکانداروں اور ہوٹل والوں پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا – اس دوران مختلف خطاوں میں ملوث دوکانداروں کو آئیندہ محتاط رہنے کی وارنگ دی گئی ہے ۔ چیکنگ کے دوران صدر بیوپار منڈل بانہال شمس الدین راہی نے تحصیلدار بانہال نیاز احمد اور دیگرافسروں کو یقین دلایا کہ کسی بھی عوام دوست مہم اور غیر قانونیت کو ختم کرنے کیلئے انتظامیہ کو ٹریڈرس ایسوسیشن بانہال کا بھر پور ساتھ حاصل ہوگا تاہم اس کیلئے چھوٹے موٹے دوکانداروں کے بجائے ایل پی جی گیس اور کنکشن فراہم کرنے والے اوٹ لٹوں کو بھی چیک کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ رسوئی گیس کے معاملے صارفین کی طرف سے شکایات موصول ہورہی ہیں ۔اس موقع پر تحصیلدار بانہال نے کہا کہ کچھ دوکاندار کی طرف سے صارفین کو اضافی رقم وغیرہ لی جاتی ہے جس کی وجہ سے صارفین کے حقوق کی پامالی کی جاتی ہے ۔ لیکن ایسی کسی بھی کارروائی میں کسی بھی ملوث تاجر کو نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایل پی جی فراہم کرنیوالوں سمیت کئی شعبوں سے وابستہ تاجروں کو ایک ہفتے کے اندر اندر تمام ضروری کاغذی لوازمات اور ریٹ لسٹ وغیرہ رکھنے کیلئے کہا گیا ہے اور اس سلسلے میں ایل پی جی گیس کنکشن اور سلنڈر وں کی قیمتوں اور دیگر ضروری کاغذات ایک ہفتے بعد دوبارہ چیک کیا جائے گا اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث دوکانداروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی –