محمد تسکین
بانہال// جمعہ کے روز میونسپل کمیٹی بانہال کی طرف سے قصبہ بانہال میں فٹ پاتھوں اور گلیوں پر ناجائز قابضین کو ہٹانے کیلئے ایک مہم کا آغاز کیا ہے اور اس سلسلے میں فٹ پاتھوں کی طرف کئی تجاوزات کو ہٹایا گیا ۔صدر ٹریڈرس فیڈریشن بانہال شاداب احمد وانی سمیت دکاندار برادری نے محکمہ کی اس کاروائی کی جہاں سراہنا کی وہیں انہوں نے قصبہ بانہال سے گزرنے والی سابقہ شاہراہ سابقہ کے دائیں بائیں فٹ پاتھوں اور قصبے کی گلیوں کو ناجائز قابضین سے پاک کرنے اور میونسپل پارک کو بہتر کرنے کے اقدامات پر زور دیا ہے۔ شاداب احمد وانی نے کہا کہ وہ پچھلے کئی مہینوں سے مسلسل کوشش کر رہے ہیں کہ فٹ پاتھوں کو لوگوں کے چلنے پھرنے کیلئے بحال کیا جائے اور فٹ پاتھوں پر براجمان ریڑھی اور چھاپڑی فروشوں کو وہاں سے فوری طور ہٹایا جائے۔ انہوں نے کہا اس سلسلے میں ایس ڈی ایم بانہال کی طرف سے دو حکمنامے بھی جاری کئے گئے ہیں لیکن میونسپل کمیٹی بانہال کے حکام انہیں عملانے میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قصبہ بانہال کے فٹ پاتھوں اور گلیوں کو ناجائز تجاوزات کرنے والوں سے صاف کرنے کی سخت ضرورت ہے کیونکہ قصبہ بانہال کا رخ کرنے والے مرد و خواتین اور سکول بچوں کو فٹ پاتھوں پر بکھرے سامان کیوجہ سے ناقابل بیان مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ انہوں نے میونسپل پارک بانہال کی زبوں حالی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہاں روزانہ دور پہاڑوں سے سینکڑوں لوگ پارک میں بیٹھنے آتے ہیں لیکن پارک تباہ حال اور گندی حالت میں ہے اور اس طرف میونسپل کمیٹی کوئی توجہ نہیں دے سکی ہے ۔ قصبہ بانہال میں کام کرنے والے ایک مقامی تاجر پرویز احمد نے بتایا کہ میونسپل کمیٹی بانہال اپنے مفادات کی آبیاری کر رہی ہے اور ڈاکخانہ گلی ، چنار گلی اور شاہراہ پر واقع مسجد مارکیٹ میں ریڑھی اور چھاپڑی فروشوں نے فٹ پاتھوں کو مکمل طور سے قصبہ کر رکھا ہے اور انہیں فٹ پاتھوں سے ہٹانے کے بجائے وہ ان سے فی دن فی کس تیس روپئے وصولتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی جامع مسجد بانہال کے سامنے میونسپل پارک کی حالت ناگفتہ بہ ہے اور یہ پارک بلا روک ٹوک آوارہ مال مویشیوں کی آماجگاہ بھی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ از خود اس پارک میں لگے ڈسٹ بن صاف کراتے ہیں لیکن میونسپل کمیٹی صحت و صفائی کے شعبے کو بہتر بنانے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے ریاستی سرکار اور لوکل باڈیز کے حکام سے بانہال قصبے کی طرف طرف توجہ دینے اور مسائل کو حل کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ روزانہ قصبہ بانہال کا رخ کرنے والے ہزاروں لوگوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔اس بارے میں بات کرنے پر خلاف روزی انسپکٹر میونسپل کمیٹی بانہال نے کہا میونسپل کمیٹی بانہال قصبہ کے تمام تجاوزات کو ہٹانے کیلئے پر عزم کے لیکن اس میں کچھ وقت لگ سکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ قصبہ میں غیر قانونی تجاوزات کو ہٹانے ، میونسپل پارک کی شان رفتہ کو بحال کرنے اور قصبہ صاف رکھنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں تاہم پچھلی کئی دہائیوں سے چل رہے کچھ مسائل کو حل کرنے میں مزید وقت درکار ہوگا ۔