بانہال // جموں سرینگر شاہراہ پر بانہال کے نزدیک ایک فوجی ٹرک کی زد میں آنے کے بعد ایک موٹر سائیکل سوار کی موت واقع ہوگئی ہے جبکہ دوسرا زخمی ہوا ہے۔ یہ واقع اتوار کی صبح بانہال کے شفا پانی علاقے میں شاہراہ پر ا±س وقت پیش آیا جب سرینگر سے جموں جارہی فوجی کانوائے میں شامل ایک ٹرک نے موٹر سائیکل پر سوار دو مقامی نوجوانوں کو پیچھے سے ٹکر مار دی ۔ اس حاثے میں زخمی ایک نواجون نے سرینگر ہسپتال منتقل کرنے کے دوران دم توڑا جبکہ دوسرا زخمی بانہال سب ضلع ہسپتال میں زیرعلاج ہے ۔ اس حادثہ کے بعد لوگوں نے بانہال قصبہ اور جائے حادثہ پر احتجاجی مظاہرے کئے اور شاہراہ پر ٹریفک کو کچھ وقت کیلئے روک لیا ۔ مظاہرین فوجی گاڑی کے ڈرائیور کے خلاف کیس درج کر نے کی مانگ کر رہے تھے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ اس حادثے میں شدید زخمی ہوئے نوجوان عادل افضل شیخ ولد محمد افضل شیخ ساکنہ نئی بستی بانہال کو جائے حادثہ سے بانہال ہسپتال پہنچایا گیا جہاں سے اسے شدید زخمی حالت میں سرینگر منتقل کیا گیا لیکن انہوں نے قاضی گنڈ کے نزدیک ہی دم توڑدیا جبکہ دوسرا زخمی باسط شکیل ولد شکیل احمد وانی ساکن ڈولیگام بانہال سب ضلع ہسپتال بانہال میں زیر علاج ہے۔احتجاج کے بعد تحصیلدار بانہال نیاز احمد وانی ، ایس ڈی پی او بانہال دھیر ج سنگھ کٹوچ اور ایس ایچ او بانہال محمد افضل وانی جائے حادثہ پر پہنچے اور انہوں نے اس معاملے میںقانون کے تحت کاروائی کی یقین دہانی کرائی اور تب جاکر لوگوں نے احتجاجی دھرنا ختم کیا۔ لقمہ اجل بنے نوجوان عادل افضل کی نماز جنازہ میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی ۔ وہ دو بہنوں کا واحد بھائی بھی تھا۔