محمد تسکین
بانہال / بانہال کے ٹٹنی ہال علاقے میں محکمہ وائلڈ لائف کی ایک ٹیم نے ایک زخمی ریچھ کو پکڑ لیا اور اسے علاج کیلئے جموں روانہ کیا جا رہا ہے ۔ ٹٹنی ہال اور امکوٹ کے لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یہ کالا ریچھ پچھلے کئی مہینے سے علاقے میں سرگرم تھا اور اس کی موجودگی سے لوگوں میں ڈر و خوف تھا ۔ انہوں نے کہا کہ بدھ کی صبح مقامی لوگوں نے اس ریچھ کو زخمی حالت میں پاکر اس کی اطلاع وائلڈ لائف محکمے کو دی اور وائلڈ لائف بانہال کی ایک ٹیم نے اسے پکڑ لیا اور اس سے لوگوں نے راحت کی سانس لی ۔وائلڈ لائف کے ایک اہلکار شاکر احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ زخمی ریچھ کی حالت بہتر تھی اور وہ ایکٹیو تھا۔ انہوں نے کہا کہ اسے پکڑنے کیلئے ریچھ کو پہلے ٹرنکولائیز کیا گیا اور بعد میں اسے جال میں پکڑ لیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس کالے ریچھ کے زخموں کا علاج کرنے کیلئے اسے جموں منتقل کیا گیا یے جہاں جمبو چڑیاگھرمیں اس کا علاج ہوگا ۔