بانہال// بانہال کے بیشتر علاقوں میں جمعرات کوبجلی کا نظام کم از کم دس گھنٹوں تک معطل رہا جس کی وجہ سے ایمرجنسی کے ساتھ ساتھ دیگر سروسز متاثر ہو کر رہ گئیں۔ لوگوں کا الزم ہے کہ معمولی بارشوں کے بعد بجلی بند رکھ کر بجلی حکام مارچ فنڈ کو کاغذی لوازمات طے کرکے ہڑپنے کے فراق میں ہیں اور اسی وجہ سے انہوں نے آج بانہال سب ضلع اور قصبہ سمیت پورے علاقے کو ریسوینگ سٹیشن بانہال سے منقطع رکھ کر بجلی بند رکھی۔انہوں نے کہا کہ بنکوں سے قرضہ لے کر بجلی سے اپنا کاروبار کرنے والے لوگ بجلی کے بند رکھنے کی وجہ سے سب سے متاثر ہیں اور آج بھی فوٹو سٹیٹ اور دیگر بجلی سے چلنے والے کاروباریوں اور عام لوگوں کو بجلی نہ ہونے کی وجہ سے مایوس ہوکر اپنے اپنے گھروں کو لوٹنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کا محکمہ تمام نظام درست ہونے کے باوجود بھی بجلی بند رکھ کر سخت نقصان کو جتلانا چاہتی ہے تاکہ مارچ کے فنڈس کو مبینہ طور مل بانٹ کر کام کے نام ہڑپ کیا جا سکے۔