محمد تسکین
بانہال // بانہال کے کسکوٹ علاقے میں جمعرات کی دوپہر پیش آئی آگ کی ایک ہولناک واردات میں پندرہ کمروں پر مشتمل ایک دومنزلہ رہائشی مکان تمام مال و اسباب سمیت مکمل طور سے جل کر راکھ ہوگیا ہے ۔آگ کی اطلاع ملتے ہی بانہال سے فائر سروسز ، پولیس ، فوج اور مقامی لوگوں نے آگ پر قابو پانے کیلئے کوشش شروع کی لیکن آگ کی لپٹوں کے سامنے ان کی ایک نہ چلی تاہم بچاو ٹیموں کی انتھک کوشش سے نزدیکی مسجد اور باقی بستی کو بچایا گیا ہے ۔فائیر اینڈ ایمرجنسی کے ایک اہلکار ایاز احمد نجار نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ آگ کی لپیٹ میں آیا یہ دومنزلہ مکان تین بھائیوں کا مشترکہ رہائشی مکان تھا اور بھڑکتی آگ کی تپش سے مکان میں موجود دو گیس سلینڈروں کے پھٹ جانے کی وجہ سے آگ نے خطرناک رخ اختیار کیا اور مکان کو مکمل طور سے تباہ کر دیا ۔ انہوں نے کہا کہ سڑک سے دور اس بستی میں لگی آگ پر قابو پانے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا اور فائر سروسز ، فوج اور پولیس کی کاروائی سے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا اور نزدیکی مسجد اور بستی کو بچا لیا گیا ۔ انہوں نے متاثرین کی شناخت جہانگیر احمد ، عادل احمد اورشفقت احمد ولد مرحوم ماسٹر عبدالمجید نجار ساکنہ کسکوٹ کے طور کی۔