محمد تسکین
بانہال/ محکمہ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کی طرف سے ہائیر سیکنڈری سکول بوائز بانہال میں 14 اور 17 سال کی کم عمر کی کیٹیگری میں انٹر سکول زونل سطحی ٹونامنٹ کا انعقاد کیا جس میں قریب 700سکولی بچوں نے شرکت کرکے اپنے جوہر دکھائے ۔یوتھ سروسز و سپورٹس کے ضلع افسر کی نگرانی اور زونل فزیکل ایجوکیشن آفیسر بانہال محمد سعداللہ میر کی نگرانی میں جمعرات کی صبح شروع کئے گئے اس ٹورنامنٹ کا رسم افتتاح سب ڈویژنل مجسٹریٹ بانہال محمد نصیب نے کیا جبکہ اس موقع پر زونل ایجوکیشن آفیسر بانہال جمشید احمد خان ، عبدالرشید گیری پرنسپل گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری بوائز بانہال اور ایس ایچ او بانہال عاشق بخاری اور زون کے فیلڈ سٹاف کے اہلکار و عہدیدار موجود تھے۔ٹورنامنٹ کیلئے این وائی سی کے تحت کام کرنے والے عارضی ملازمین بھی موجود تھے اور انہوں نے بچوں کو مختلف گیموں کیلئے منظم کیا جن میں این وائی سی فاروق احمد نائیک اور راحت وکیل وغیرہ قابل ذکر تھے۔اس زونل سطحی سکول ٹورنامنٹ میں سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے 691کھلاڑیوں نے شرکت کی اور کبڈی ، کھوکھو ، والی بال، بیڈمنٹن ، شطرنج، ٹیبل ٹینس جیسے کھیل کود کے مقابلوں میں شرکت کی اور اپنے ہنر دکھائے ۔ذی وقار مہمانان نے کھیل کود کے مقابلوں میں شامل بچوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں تلقین کی کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کود کے مختلف شعبوں میں کامیابی کیلئے سخت محنت کریں کیونکہ اعلی تعلیم اور کھیل کود کے ذریعے ملکی سطح تک پہنچ جانے اور اپنا اور اپنے علاقے کا نام روشن کرنے کے امکانات روشن ہوتے ہیں اور اس کامیابی تک پہنچنے کیلئے سخت محنت اور لگن ہی شرط اور واحد راستہ ہے۔