یو این آئی
سرینگر//جموں وکشمیر کے چیف سکریٹری ارن کمارمہتا کا کہنا ہے کہ یونین ٹریٹری کے تمام ارضی مالکان کو ماہ رواں کے آخر تک ڈیجیٹل لینڈ پاس بک فراہم کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ پاس بک تین زبانوں ہندی اردو اور انگریزی میں ہوں گے۔موصوف نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں میڈیا کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا’’ستمبر کے آخر تک جتنے بھی اراضی مالکان ہیں، ان کو ڈیجیٹل لینڈ پاس بک تین زبانوں ہندی، اردو اور انگریزی میں فراہم کئے جائیں گے‘‘۔ان کا کہنا تھا’’پہلی بار ایسا ہوگا کہ پاس بک آپ کو اس زبان میں ملے گا جس کو آپ سمجھ سکیں گے کیونکہ پہلے جس زبان میں لکھا جاتا تھا کسی کے سمجھ میں نہیں آتا تھا کہ کیا لکھا ہوا ہے‘‘۔ مہتا نے کہا کہ جموں وکشمیر میں سپورٹس ایونٹس اہتمام کرنے کا مقصد نوجوانوں کو منشیات سے درو رکھنا ہے۔
انہوں نے کہا’’جو منشیات کے شکار ہوئے ہیں ان کو ہماری مدد کی ضرورت ہے اور حکومت نوجوانوں کو منشیات کی لت میں پڑنے سے روکنے کے لئے تمام تر کوششیں کر رہی ہیں اور سپورٹس ایونٹس کا اہتمام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ منشیات سماج کے لئے بہت بڑا چیلنج بن گیا ہے۔قومی شاہراہ پر میوہ گاڑیوں کے روکنے کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں چیف سکریٹری نے کہا کہ برسات کے موسم میں تھوڑی بہت پرابلم ہوئی تھی اس کو دور کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر ٹریفک جام دور کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں اور بانہال سے ناشری تک شاہراہ کوڈبل لین بنانے کے علاوہ 10روز کے اندر اس پر میکڈم بچھانے کے احکامات صادر کے گئے ہیں۔چیف سیکریٹری نے مزید کہا کہ بانہال سے ناشری سیکٹر مین شاہراہ کی تجدید کا کام مکمل کرنے کی بھی ہدایات دی گئی ہیں نیز شاہراہ پر اب 6سے 8گھنٹے تک ٹریفک کی روانی جاری رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شاہراہ 27 ستمبر تک روزانہ 4 گھنٹے ٹریفک کیلئے بند رہے گی تاکہ لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ مختلف علاقوں میں مرمت کی جا سکے۔ مرمت کے کام کے دوران صبح 3 بجے سے 7 بجے تک ٹریفک کی نقل وحمل روک دی جائے گی۔چیف سیکرٹری نے ساتھ ہی متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ شاہراہ پر پھلوں سے لدے ٹرکوں کی آسانی سے نقل و حرکت کو یقینی بنائیں۔۔چیف سکریٹری ڈاکٹرارون کمار مہتا نے 5 دنوں کے دوران ٹریفک کی نقل و حرکت میں کم سے کم رکاوٹیں پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور عہدیداروں سے کہا کہ وہ صرف رات کے وقت ٹریفک کو روکیں جب ٹریفک کم اور کم ہو۔موسم سرما کے دوران بجلی کی فراہمی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ بجلی کی سپلائی بہت زیادہ ہے اور سال گذشتہ بھی سرما کے دوران کوئی مسئلہ نہیں ہوا تھا۔فلم سٹی کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اس پر کام چل رہا ہے۔