محمد تسکین
بانہال//کشمیر ریل پروجیکٹ کے کھڑی-سمبڑھ-سنگلدان سیکشن کی نئی ریل لائن کا حتمی سی آر ایس معائنہ آج کیا جائے گا۔کل یعنی جمعہ کو ہائی سپیڈ الیکٹرک ٹرین کی آزمائش ہوگی جس کے بعد اس ٹریک پر ٹرین چلانے کا راستہ ہموار ہوگا۔خیال کیا جارہا ہے کہ 20فروری کو وزیر اعظم نریندر مودی اس سیکشن پر ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔ رسم افتتاح کے حوالے سے خبروں کے بیچ ممکنہ دورے کے پیش نظر ایک عارضی ہیلی پیڈریلوے سٹیشن بانہال کے قریب بنایا جا رہا ہے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ اس سیکشن کو جلد ہی الیکٹرک ٹرین آپریشن کے ساتھ کھول دیا جائے گا۔چیف ایڈمنسٹریٹو آفیسر، ناردرن ریلوے کنسٹرکشن آرگنائزیشن کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فیروز پور ڈویژن کے کھڑی-سمبڑھ( (13.65 کلومیٹراور سمبڑھ-سنگلدان( (19.50 کلومیٹرسیکشنز میں نئی تعمیر شدہ لائن کو جلد ہی الیکٹرک ٹرین آپریشن کے ساتھ کھولا جائے گا۔آج یعنی15 فروریکو ٹرالی کے معائنے کے بعد کل یعنی16 فروری کو کمشنر ریلوے سیفٹی کے ذریعے خصوصی ٹرین کے ذریعے سیکشن کا تیز رفتار ٹرائل کیا جائے گا۔اس کے بعد پروجیکٹ کے کھڑی سے سنگلدان اسٹیشنوں کے درمیان ٹرین آپریشن شروع ہوگا۔ریلوے حکام کے بیان کے مطابق” لوگوں کو اطلاع دی جاتی ہے کہ وہ ریلوے لائنوں سے دور رہیں، کسی بھی مقام پر پٹری کو عبور کرنا خلاف ورزی ہے اور یہ قابل سزا جرم ہے اور ریلوے ایکٹ کے تحت قانونی چارہ جوئی کے لیے ذمہ دار ہے‘‘۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ بانہال سے کھڑی تک کی دوری14.869کلو میٹر،کھڑی سے سمبڑھ تک کی مسافت13.656کلو میٹر اورسمبڑھ سے سنگلدان تک19.50کلو میٹر کی دوری ہے۔اسکے بعدسنگلدان سے کٹرہ کا سیکشن آتا ہے جس کی لمبائی74کلو میٹر ہے۔ریلوے حکام کے مطابق اس سیکشن میں9ٹنل اور متعدد پل ہیں اور اس پر قریب90فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔