محمد تسکین
بانہال //چند روز قبل سبزی منڈی بانہال میں شبانہ آتشزدگی کی ہولناک واردات پر اب سیاست بھی گرما گئی ہے اور سیاسی جماعتیں ایک دوسرے پر مبینہ طور آگ لگانے اور زمین ہڑپنے کے الزامات عائد کر رہی ہیں۔ ڈی پی اے پی سربراہ غلام نبی آزاد کے بعد اب جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے سنئیر لیڈر اور ضلع صدر رام بن سجاد شاہین نے بھی کانگریس کا نام لئے بغیر کانگریس لیڈر پر الزامات کی بوچھاڑ کر دی ہے اور سبزی منڈی بانہال کی آتشزدگی واقع پر ایس آئی ٹی یا سپیشل انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ سجاد شاہین نے کانگریس کا نام لئے بغیر الزام عائد کیا ہے کہ بانہال اگ کی واردات میں ایک سیاسی جماعت کے لوگ شامل ہیں اور وہ زمین کو ہڑپنا چاہتے ہیں اور نیشنل کانفرنس اس واقع کی اعلیٰ سطحی تحقیقات چاہتی ہے۔ سجاد شاہین نے بدھ کے روز متاثرہ افراد کی فوری ضروریات کا جائزہ لینے کیلئے جائے واقع کا دورہ کیا اور ان سے اپنی ہمدردی اور بھرپور مدد کا یقین دلایا۔ بانہال سبزی منڈی میں ایک پریس کانفرنس میں سجاد شاہین نے الزام لگایا کہ سال 2005 میں ان چھاپڑی فروشوں کو میونسپل پارک متصل مرکزی جامع مسجد بانہال ، سے ایک دھماکہ کر کے بھگایا گیا تھا اور اُس وقت بھی میونسپل کمیٹی میں یہی لوگ برسر اقتدار تھے اور اب یہی لوگ آگ سے تباہ ہوئی سبزی منڈی کی زمین کو ہڑپنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ مشکوک افراد کو واردات کی رات سبزی منڈی میں مشکوک حالات میں گھومتے دیکھا گیا ہے اور ایک شخص نے کئی روز پہلے سبزی منڈی والوں کو دھمکی بھی دی تھی اور اس معاملے میں مکمل تحقیقات ضروری ہے اور پولیس اور انتظامیہ کو تحقیقات شروع کرکے ملوث افراد کے خلاف کیس درج کرکے کاروائی کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ کنال کی اراضی پر پھیلی سبزی منڈی کو متاثرین کے حق میں پہلے ہی الاٹ کیا گیا ہے اور اب ان ڈھانچوں کو پختہ بنایا جائے۔ سجاد شاہین نے مزید کہا کہ انکی پارٹی دکھ کی اس گھڑی میں ان متاثر ہ دوکاندار و ں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی بازابادکاری کے لئے ہر ممکن مدد اور تعاون کیا جارہا ہے۔ نیشنل کانفرنس صدر سجاد شاہین نے بانہال سبزی منڈی میں لگنے والی حالیہ تباہ کن آگ سے متاثرین کی حالت زار کی طرف لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کو فوری توجہ دینے کا مطالبہ کیا ہے جس میں 75 کھوکھے خاکستر ہوگئے ہیں اور دو ہزار سے زائد لوگ بیروزگار ہوگئے ہیں۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی ہے کہ اگ متاثرین کے مصائب کو کم کرنے کیلئے فوری مداخلت کی اہمیت پر زور دیا ہے اور آگ متاثرین کے حق میں ایک خصوصی امدادی پیکج کی منظوری دی تاکہ وہ اپنی زندگی اور کاروبار دوبارہ شروع کر سکیں۔ اس موقع پر سجاد شاہین کے ہمراہ پارٹی کے ضلع نائب صدر اور بانہال بیوپار منڈل کے صدر پرویز احمد شیخ، بلاک صدر بانہال حاجی عبدالاحد شان، یوتھ نیشنل کانفرنس کے صوبائی نائب صدر طارق احمد ڈار، آفس سکریٹری عبدالحمید خان، عبدالرحمن زوہدہ ، امجد جرال ، تنویر ڈار ،عارف ملک کے علاوہ نوجوان رہنما فاروق ملک بھی موجود تھے۔
بانہال سبزی منڈی میں آتشزدگی کی واردات پر سیاست گرما گئی | آگ لگانے اور زمین ہڑپنے کیلئے نیشنل کانفرنس کے کانگریس پر الزامات