بانہال // جموں سرینگر شاہراہ پر جمعہ کی شام ماروتی کار حادثے میں ہلاک ہونے والے چار فوجی اہلکاروں کی لاشوں کو قانونی لوازمات کے بعد سرکاری اعزازات و رسومات کے ساتھ اْن کے لواحقین کے سپرد کیا گیا اور اس موقع پر بانہال کے مقامی رضاکار نوجوان ان لاشوں کو بانہال ہسپتال سے ایمبولینس گاڑیوں میں ڈال کر انہیں ان کے گھر روانہ کرنے میں پولیس کے ساتھ پیش پیش تھے جب کہ پولیس ، فوج اورہسپتال انتظامیہ کے اہلکار اور افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔شیطانی نالے علاقے میں جمعہ کی شام سات بجے اس کار کے حادثے میں ترال سے جموں جانے والے چار مقامی فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے جبکہ ایک زخمی اہلکار کو سرینگر کے ہسپتال منتقل کیا گیاتھا۔ اس حادثے میں صوبہ جموں کے جموں ، ادہمپور اور اکھنور سے تعلق رکھنے والے جیک لائی کے مقامی فوجی مارے گئے ۔ اس حادثے میں پون کمار ساکنہ بچیال ، جموں ، وجے کمار ولد رتن لعل ساکنہ گومناسا ہ جموں ، اوم پرکاش ولد بدری ناتھ ساکنہ رام نگر ادھمپور اور پون کمار ساکنہ دھنوال ، اکھنورکی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی تھی۔ جبکہ حادثے میں شدید زخمی جوان جوگیندر پال ساکن ضلع کٹھوعہ کا علاج سرینگر کے ہسپتال میں جاری ہے۔ یہ تمام فوجی اہلکار فوج کی جیک لائی رجمنٹ سے تعلق رکھتے تھے اور چھٹیوں پر گھر جانے کے دوران شیطانی نالہ کے پاس حادثے کا شکار ہوگئے ۔ اس حادثے میں بانہال اور ٹھٹھاڑ کے مقامی رضاکاروںنے فوج اور پولیس کے شانہ بشانہ کام کرتے ہوئے اس حادثہ میں رات دیر گئے تک بچاو کاروائیوں میں حصہ لیا اور ہفتے کی صبح ان لاشوں کو صندوق بند تابوتوں میں اپنے اپنے گھروں کو روانہ کرنے تک انتظامیہ کا ہاتھ بٹایا۔