محمد تسکین
بانہال //ہفتے کی علی الصبح جموں سرینگر قومی شاہراہ پر بانہال کے قریب ایک مال بردار ٹرک کے ایک دلدوز حادثے میں ٹرک کا ڈرائیور اور کنڈیکٹر ہلاک ہوئے ہیں۔ یہ کینٹر ٹرک زیر نمبر جموں سے سرینگر کی طرف آنے کے دوران ناچلانہ کے مقام شاہراہ سے لڑھک کر نیچے گہرے نالہ بشلڑی کے کنارے گرا۔ ایس ایچ او بانہال عاشق بخاری نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ حادثے کی خبر ملتے ہی بانہال پولیس ، ہمالین کیو آر ٹی رامسو ، انڈین ریڈ کراس بانہال ، این جی او بانہال والنٹیرس کے رضاکاروں نے بچاؤ کاروائیوں کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ بچاؤ کاروائیوں میں شامل ٹیموں نے تباہ ہوئے ٹرک کے ملبے سے ٹرک کے دونوں سواروں کو موقع پر مردہ پایا اور بعد ان لاشوں کو وہاں سے نکلال کر سب ضلع ہسپتال بانہال منتقل کیا گیا ۔پولیس نے ڈرائیور کی شناخت راجو بٹ عمر 40سال ولد دیسراج بٹ ساکنہ ادہم پور اور 35سالہ کنڈیکٹر سورج کمار ولد رام لال ملہٹ چوپڑہ شاپ ادہم پور کے طور کی گئی ۔ پولیس نے بتایا کہ ضروری قانونی کاروائی کے بعد لاشوں کو ورثاء کے حوالے کیا گیا جبکہ اس کینٹر ٹرک میں موجود منیاری سمیت گھروں میں استعمال ہونے والے ڈیپارٹمنٹل سٹور کے مال کے مالک وادی کشمیر سے بانہال پہنچے اور وہاں موجود پولیس اور رضاکاروں کی ٹیموں نے انہیں یہ سامان دوسری گاڑی کے ذریعے کشمیر بھیجنے میں مدد کی ۔