محمد تسکین
بانہال// جمعہ کی شام قصبہ بانہال میں ایک ٹرک کی زد میں آنے سے ایک مقامی بوٹ ساز زخمی ہوا ہے اور اسے سب ضلع ہسپتال بانہال سے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا ہے۔ شدید زخمی ہوئے شخص کی شناخت احمد اللہ شیخ ساکنہ نئی بستی بانہال کے طور کی گئی ہے اور وہ بانہال پارک کے باہر فوٹو پاتھ پر بوٹ پالش کیا کرتا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ بتایا کہ احمد اللہ شیخ وادی کشمیر سے جموں جارہے ایک ٹرک کی زد میں آکر شدید زخمی ہوا ہے اور اس کی دونوں ٹانگیں شدید زخمی ہوئی ہیں۔ حادثے کے فوراً بعد پولیس اور بانہال والنٹیرس نے زخمی کو بانہال ہسپتال پہنچایا جہاں سے اسے بہتر علاج کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا ہے ۔پولیس نے ضابطہ کی کاروائی کی ہے۔اس دوران جمعہ کی صبح ریلوے سٹیشن بانہال کے بانہال ایک غیر مقامی شخص شدید غشی کی حالت میں پایا گیا اور ریلوے سٹیشن بانہال پر تعینات جی آر پی اور ریلوے پولیس فورس کے سب انسپکٹر سنیل سنگھ نے ٹیم کے ہمراہ فوری کاروائی کرکے اسے ابتدائی مدد پہنچائی اور بعد میں بانہال والنٹیرس کی ایمبولینس کے ذریعے بیہوش شخص کو بانہال ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور یہ شخص روبہ صحت ہوگیا ۔ بعد میں اسے ہسپتال سے رخصت کیا گیا ۔