بانہال //تین روز کے تعطل کے بعد بدھ کے روز بانہال بارہمولہ ریل سروس بحال کر دی گئی، اس سے قبل بڈگام اور بارہمولہ کے درمیان ریل خدمات کو منگل کے روز بعدبحال کیا گیا تھا۔ یہ خدمات 2 جولائی کو علیحدگی پسند قیادت کی طرف سے دیالگام اننت ناگ میں ایک مسلح تصادم کے دوران ہوئی شہری ہلاکتوں کے خلاف دی گئی ’کشمیر بند‘ کی کال کے پیش معطل کی گئی تھیں۔ تاہم 3 جولائی کو ضلع پلوامہ کے بامنو نامی گاؤں میں ایک اور مسلح تصادم شروع ہونے کے بعد یہ خدمات جنوبی کشمیر میں مسلسل تین دنوں تک معطل رکھی گئیں۔ ریلوے کے ذرائع نے بتایاکہ بڈگام اور بارہمولہ کے درمیان ریل خدمات کو منگل کے روز ہی بحال کردیا گیا تھا اورمقامی سول و پولیس انتظامیہ کی طرف سے گرین سگنل ملنے کے بعد سری نگر اور بانہال کے درمیان چلنے والی تمام ٹرینوں کی معمول کی سروس آج صبح بحال کردی گئی۔ مذکورہ عہدیدارنے بتایا کہ ریل خدمات کی معطلی اور بحالی کے فیصلے مقامی انتظامیہ سے ملنے والی ہدایت پر لئے جاتے ہیں۔ وادی میں گذشتہ ماہ (جون) میں ریل خدمات کو مختلف وجوہات بالخصوص سیکورٹی وجوہات کی بناء پر کم از کم چار مرتبہ معطل کیا گیا تھا۔