محمد تسکین
بانہال// قصبہ بانہال کو بائی پاس کرنے والے فورلین بائی پاس کے فلائی اوور/ ویا ڈکٹ اور پلوں کا لوڈ ٹیسٹ کرنے کیلئے ایک طرف کے ٹریفک کو سابقہ قومی شاہراہ سے ہی چلنے کا ایک حکم صادر کیا گیا ہے اور لوڈ ٹیسٹ کا یہ سلسلہ منگل سے جمعہ تک کیا جائیگا ۔ اس سلسلے میں سب ڈویژنل مجسٹریٹ بانہال رضوان اصغر نے عوام الناس کے نام ایک نوٹس میں کہا کہ نئی تعمیر شدہ قومی شاہراہ پر بانہال بائی پاس کا لوڈ ٹیسٹ کرانے کیلئے سرینگر سے جموں جانے والے ٹریفک کو بانہال فورلین بائی پاس کے بجائے قصبہ بانہال سے گزرنے والی سابقہ شاہراہ پر چلایا جائیگا۔ عوام الناس کے نام جاری اس نوٹس میں کہا گیاکہ 28جنوری سے 31جنوری تک سرینگر سے جموں جانے والا ٹریفک قصبہ بانہال کی سابقہ قومی شاہراہ سے گزرے گا جبکہ جموں سے سرینگر کی طرف جانے والا ٹریفک بانہال بائی پاس کی ایک ٹیوب سے چلتا رہیگا۔ انہوں نے عام لوگوں اور گاڑی والوں سے اپیل کی کہ وہ نئے تعمیر کئے گئے بانہال بائی پاس کا چار روزہ لوڈ ٹیسٹ مکمل ہونے تک اس حکمنامے کی پیروی کریں۔