محمد تسکین
بانہال// نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا کی طرف سے بانہال بائی پاس کو مکمل کرنے کے بعد اسے ٹریفک کی آمدورفت کیلئے چند روز پہلے بحال کیا گیا اور اس فورلین ہائے وے پر گاڑی والوں کی رفتار خطرناک ثابت ہو رہی ہے ۔ بانہال قصبہ کو بائی پاس کرکے کھارپورہ اور ریلوے سٹیشن کے درمیان اڑھائی کلومیٹر کی لمبائی والے بانہال بائی پاس پر پچھلے کئی روز سے گاڑی والوں کی اندھا دھند رفتار سے کم از کم چار سڑک حادثے رونما ہوئے ہیں جس میں کئی افراد زخمی ہوئے ۔ گزشتہ دنوں ریلوے چوک میں تیز رفتاری سے چل رہی تین مسافر گاڑیوں کی آپسی ٹکر کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہوئے تاہم غنیمت ہے کہ اب تک کسی کی جان نہیں گئی ۔ اس حادثے میں ایک مسافر گاڑی تویرا سڑک پر الٹ بھی گئی مگر خوش قسمتی سے اس میں صرف ڈرائیور ہی سوار تھا ۔ اسی طرح کے ایک اور واقعہ میں فور لین بائی پاس پر ایس ڈی ایم بانہال کے دفتر کے عقب سے گزرنے والے بانہال بائی پاس پر ایک تیز رفتار گاڑی نے ایک راہگیر کو ٹکر ماری کر زخمی کردیا ۔ بانہال بائی پاس کے علاوہ تیار کی گئی فورلین شاہراہ پر چملواس اور بانہال کے درمیان ابتک کئی حادثے رونما ہوئے اور کئی افراد ہلاک بھی ہوئے اور کئی زخموں کے ساتھ بچ نکلے اور ان سب کے پیچھے تیز رفتار ڈرائیونگ سب سے اہم وجہ تھی ۔این جی او بانہال والنٹیئرس کے سرگرم کارکن اور جنرل سیکریٹری سید مدثر احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بانہال اور رام بن کے درمیان فورلین شاہراہ کا جو جو حصہ مکمل کرکے قابل استعمال بنایا جارہا ہے وہاں وہاں گاڑی والوں خاص کر مسافر گاڑی والوں کی رفتار سڑک حادثات کا باعث بن رہی ہے اور اب تک کئی افراد ہلاک اور زخمی ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بانہال والنٹیئرس اور ٹریفک پولیس اس بارے میں ڈرائیور کو بار بار مطلع کر رہی ہے کہ وہ اپنی رفتار کو قابو میں رکھکر اپنے آپ کو اور دوسروں کو سڑک حادثات سے بچائیں ۔انہوں نے کہا کہ ایس ڈی ایم بانہال کے دفتر کے پیچھے اور ریلوے سٹیشن پر پیش آئے سڑک حادثات ڈرائیور کی لاپرواہ ڈرائیونگ کے نتیجے میں پیش آئے ہیں اور کنٹرول ڈرائیونگ نہ کرنے کی صورت میں یہ حادثات رونما ہوتے رہینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے چوک میں گاڑیوں کی رفتار کو کم کرنے کیلئے اس سیکٹر میں فورلین شاہراہ اور ٹنل کی دیکھ ریکھ کیلئے ذمہ دار آتھان نامی کمپنی نے رفتار کو کم کرنے کیلئے ریلوے چوک میں سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کی ہیں تاکہ ریلوے چوک میں ماضی میں ہوئے سڑک حادثات سے بچا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ڈرائیور جان بوجھ کر تیز چلتے ہیں جس کی وجہ سے سڑک حادثات کا احتمال لگا رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی سڑک پر اپنا جوش دکھانے کے بجائے ہوش سے کام لینے کی ضرورت ہے ۔