محمد تسکین
بانہال// اتوار کی صبح سے ضلع رام بن کے بانہال اور رامسو علاقوں میں اونچائی سے گرنے کے دو الگ الگ واقعات میں دو افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ ریچھ کے حملے میں ایک خانہ بدوش شدید زخمی ہوا ہے۔سب ضلع ہسپتال بانہال کے حکام نے بتایا کہ پہلا واقع اتوار کی صبح رامسو کے سربگنی گاؤں میں پیش آیا جہاں محمد اقبال وانی ولد مرحوم عبد اللطیف وانی عمر 43سال مقامی مسجد دھنوا سربگنی کی چھت پر مرمت و تزئین کا کام کرتے ہوئے ٹین کی چھت سے گر گیا۔ اسے شدید زخمی حالت میں سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بانہال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔اسی طرح بانہال کے چاپناڑی علاقے میں سجاد احمد نائیک ولد رحمت اللہ نائیک عمر 27سال گڈر چاپناڑی میں گھاس کاٹتے ہوئے پھسل کر کھائی میں جا گرا۔ ایس ڈی ایچ بانہال کے حکام نے بتایا کہ ابتدائی طبی امداد کے بعد شدید زخمی سجاد احمد کو گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ ریفر کیا گیا، تاہم وہ قاضی گنڈ پہنچنے سے قبل ہی زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔ادھر سب ڈویژن بانہال کے نیل علاقے کے چنگ مال جنگلات میں ایک اور واقع میں ایک خانہ بدوش بکروال محمد ریاض ولد محمد چاندی ساکنہ منڈورہ ناڑ ، اونتی پورہ ضلع پلوامہ ریچھ کے حملے میں شدید زخمی ہوگیا۔ وہ مویشی چرا رہا تھا کہ ریچھ اس پر حملہ آور ہوا۔ زخمی کو ابتدائی طبی امداد کے بعد بہتر علاج اور سکین کیلئے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بانہال سے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کر دیا گیا ہے ۔