محمد تسکین
بانہال // ڈیموکریٹک پراگریسیو آزاد پارٹی کے نائب صدر برائے وادی چناب ڈاکٹر محمد آصف کھانڈے نے سبزی منڈی بانہال میں آگ کی واردات میں 120 متاثرین اور ان کے افراد خانہ سے اپنی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کی طرف سے ہر ممکنہ مدد کا یقین دلایا ہے اور انتظامیہ ، عام لوگوں اور سیاسی جماعتوں کو بھی آگ سے متاثر ہوئے افراد کی مدد کیلئے سامنے آنے کی اپیل کی ہے۔ بانہال میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی اے پی نائب صدر وادی چناب ڈاکٹر محمد آصف کھانڈے نے کہا کہ انہوں نے متاثرین کی مدد کیلئے نہ صرف پارٹی قائد غلام نبی آزاد اور پارٹی ترجمان اعلی سلمان نظامی سے ، بلکہ ڈپٹی کمشنر رام بن اور ریاست کے اعلی عہدیداروں سے بات کرکے آگ متاثرین کی بھرپور مدد کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے ایک غیر سیاسی پلیٹ فارم تشکیل دینے پر زور دیا ہے تاکہ مقامی سطح پر متاثرین کی بھرپور مدد کی جا سکے۔ ڈاکٹر محمد آصف کھانڈے نے کہا کہ بیوپار منڈل بانہال کے صدر پرویز حمید شیخ ، کیمسٹ ایسوسیشن کے صدر ارشد جیلانی ، رضاکار انجمنوں کے صدور اور آگ سے متاثر ہوئے افراد کے نمائندوں پر مشتمل ایک غیر سیاسی پلیٹ فارم تشکیل دیا جائے تاکہ بانہال سبزی منڈی کے آگ متاثرین کی فوری مالی معاونت کرکے انہیں دوبارہ کمانے کے لائق بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آگ کی واردات کے بعد مختلف سیاسی جماعتیں آگ کی واردات پر پریس کانفرنس اور سیاست کر رہی ہیں اور عملی طور پر متاثرین کی کوئی مدد نہیں کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگ نے ایک سو بیس کنبوں کا زمین پر لایا ہے اور ہم سب کا فرض بنتا ہیکہ ہم زبانی فضول خرچی اور سوشل میڈیا پر بیان بازی کے بجائے بانہال آگ متاثرین کی ہرممکن مالی مدد کیلئے سامنے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ ان غریب لوگوں کی بعض آباد کاری کیلئے ڈی پی اے پی اپنے طور سرگرم ہے اور پارٹی اعلیٰ قیادت نے متاثرین کی مدد کیلئے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا ہے۔