محتشم احتشام
پونچھ//بندی کما خان (بی کے خان) گورنمنٹ اسکول زون ساتھرہ میں ایک منظم اور پْراثر داخلہ مہم (Enrollment Drive) کا آغاز کیا گیا، جس کا مقصد مقامی آبادی میں معیاری تعلیم کی اہمیت اجاگر کرنا اور والدین کو اپنے بچوں کا داخلہ سرکاری اسکولوں میں کروانے کی ترغیب دینا تھا۔ یہ مہم زونل ایجوکیشن آفیسر کے دفتر سے شروع ہو کر ہائی اسکول تک ایک آگاہی ریلی کی شکل میں منعقد ہوئی، جس میں اساتذہ، طلبہ، مقامی معززین اور فیلڈ عملے نے بھرپور شرکت کی۔ریلی کے دوران شرکاء نے مختلف تعلیمی نعرے بلند کئے اور بینرز کے ذریعے عوام کو پیغام دیا کہ سرکاری اسکول نہ صرف کم خرچ بلکہ اعلیٰ معیاری تعلیم، تربیت یافتہ اساتذہ، جدید نصاب اور ہم نصابی سرگرمیوں کا بہترین پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔ اس دوران والدین کو یہ بھی باور کرایا گیا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور انہیں اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے بروقت اسکول میں داخلہ یقینی بنانا چاہیے۔زونل ایجوکیشن آفیسر ساتھرہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ تعلیم بچوں کو محفوظ، منظم اور معیاری تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ داخلہ مہم کا مقصد گھروں تک جاکر والدین کو تعلیم کی اہمیت سمجھانا، ڈراپ آؤٹ شرح میں کمی لانا اور ہر بچے کو اسکول سے جوڑنا ہے۔انہوں نے اساتذہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس مہم کی کامیابی ان کی محنت اور کمیونٹی کے تعاون پر منحصر ہے۔مہم کے دوران اساتذہ نے عوام سے براہ راست رابطہ کیا، انہیں اسکول کی سہولیات، اسکالرشپ اسکیموں، مڈ ڈے میل، مفت کتابوں اور یونیفارم کی فراہمی سے آگاہ کیا۔مقامی لوگوں نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے محکمہ تعلیم کی کوششوں کو سراہا اور اپنے بچوں کا داخلہ سرکاری اسکولوں میں کروانے کے عزم کا اظہار کیا۔تعلیم دوست پالیسیوں کے ساتھ یہ داخلہ مہم اسکولوں میں داخلہ بڑھانے اور کمیونٹی میں تعلیم کے مثبت رجحان کو فروغ دینے کی جانب ایک حوصلہ افزا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔