عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // وادی کشمیر میں خشک موسم کے بیچ بہتری کے باوجود شبانہ درجہ حرارت معمول سے نیچے درج ہوا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں 20 مارچ تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ بعد میں 21 مارچ کو کہیں کہیں ہلکی بارشیں متوقع ہیں تاہم 22 سے 24 مارچ تک میدانی علاقوں میں بارشیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری کا امکان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس دوران وادی میں گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ادھر بانڈی پورہ-گریز سڑک اتوار کو کئی برفانی تودے گرنے کی وجہ سے بند ہو گئی ۔بارڈر روڈز آرگنائزیشن نے برفانی تودے سے متاثرہ علاقے میں ایک وسیع کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے۔حکام نے بتایا کہ مہینے کے شروع میں، جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع کے مغل روڈ پر بھاری برف باری اور برفانی تودے کے درمیان پھنسے سات مقامی ٹریکروں کا ایک گروپ محفوظ طریقے سے بچا لیا گیا۔ریسکیو آپریشن محکمہ تعمیرات عامہ کے مکینیکل انجینئرنگ ونگ کے اہلکاروں کی ایک ٹیم نے کیا۔عہدیداروں نے بتایا کہ جموں سری نگر شاہراہ پرڈھلواس پر گاڑیوں کی نقل و حرکت بہت سست رہی کیونکہ سنگل لین اور سڑک کی سطح کی خراب حالت ہے۔اتوار کو یہاں بدترین ٹریفک جام دیکھنے کو ملا اور کئی گھنٹوں تک گاڑیاں پھنسی رہیں۔قومی شاہراہ پر پسیاں آنے کا سلسلہ پھر سے شروع ہوا ہے اور نئے مقامات متاثر ہورہے ہیں۔