بانڈی پورہ//ضلع بانڈی پورہ کے پتوشی میں خطیر رقم کی لاگت سے تعمیر گرڈ اسٹیشن نامکمل ہونے کی وجہ سے بانڈی پورہ کا وسیع علاقہ گھپ اندھیرے میں ڈوبا ہوا ہے۔ چنانچہ بانڈی پورہ میں آجر کا رسیونگ سٹیشن قدیم ہونے کی وجہ سے بوسیدہ ہوچکا ہے جس کی وجہ سے وہ لوڈبرداشت کے قابل نہیں رہا ہے جبکہ امر گڑھ سوپور گرڈ اسٹیشن سے بوسیدہ ترسیلی لائنوں کے ذریعے آجر رسیونگ سٹیشن کی سپلائی بار بار خلل پڑتا ہے۔ اب اس کا متبادل پتوشی گرڈ اسٹیشن ہے لیکن پہلی پورہ کے مقام پر 2011 سے چھ ٹاوروں پر کام بند ہے اور گرڈ اسٹیشن بے کار رہنے کی وجہ سے وسیع آبادی اندھیرے میں ہے۔ ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ سجاد حسین گنائی نے اس ضمن میںکہا کہ پاور ڈیولپمنٹ کمشنر کو تحریری طور پر آگاہ کیا گیاہے کہ ترسیلی لائن کی بحالی کے لئے پہلی پورہ کے مقام پر متبادل جگہ کا انتخاب کریں لیکن ابھی تک اس تجویز کو منظوری نہیں ملی ہے۔