بانڈی پورہ//رینار پانار بوٹھو بانڈی پورہ کے گھنے جنگلوں میں فوج اور جنگجوؤں کے درمیان گذشتہ رات زبردست گولیوں کا تبادلہ ہوا۔ فوج کا دعوی ہے کہ مزید2 جنگجوؤں کو ماراگیا ہے جبکہ جے سی او سمیت 6 فوجی اہلکار زخمی ہوئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابقشمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے پانار جنگل میں 9 جون سے جاری جنگجو مخالف آپریشن میں پیر کی علی الصبح مزید 2 جنگجو مارے گئے۔ مزید دو جنگجوؤں کی ہلاکت کے ساتھ اب تک مارے جانے والے جنگجوؤں کی تعداد بڑھ کر 4 ہوگئی ہے۔ گذشتہ دس دنوں سے جاری اس جنگجو مخالف آپریشن میں اب تک ایک فوجی اہلکار ہلاک جبکہ 6 دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں میں ایک فوجی افسر بھی شامل ہیں۔ بھارتی فوج کی چنار کور نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاونٹ پر ایک ٹویٹ میں کہا ’آپریشن پانار فارسٹ (بانڈی پورہ)۔ جاری آپریشن میں آج مزید دو جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا۔ اس سے قبل دو جنگجوؤں کو 12 جون 2018 کو مارا گیا تھا۔ اب تک چار جنگجوؤں کو مارا جاچکا ہے۔ آپریشن جاری ہے‘۔