سرینگر//کرائم برانچ کشمیر نے بانڈی پورہ کے تین میڈیکل بلاکوں میں محکمہ صحت کے کئی آفیسران،عہدیداروں اور فرضی ملازمین کے خلاف 129جعلی تقرریوں کے الزام میں معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔ کرائم برانچ کو ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز کشمیر کی طرف سے ضلع بانڈی پورہ کے محکمہ صحت میں ایسی 129جعلی تقرریوںکے بارے میں انکشاف کیا گیا تھا جن کا ڈسٹرکٹ فنڈ آفس بانڈی پورہ میں کوئی ریکارڈ نہیں ہے۔البتہ اُن کی فرضی جی پی ایف ممبران کے طور تقرری عمل میں لائی گئی ہے چنانچہ چھان بین کے دوران انکشاف ہوا کہ 26بلاک بانڈی پورہ میں، 17حاجن میں اور 86بلاک گریز میں فرضی طور تعینات کئے گئے ہیں۔چیف میڈیکل آفیسر بارہمولہ کی طرف سے مبینہ طور پرجاری کئے گئے یہ حکمنامے فرضی اور جعلی پائے گئے اوربعد میں فرضی ملازمین کو مختلف میڈیکل بلاکوں میں تعینات کیا گیا اوراس طرح یہ لوگ کافی عرصے سے دھوکہ دہی کرکے تنخواہیں بھی حاصل کررہے تھے اوراُن کی وجہ سے ریاستی خزانہ کو جاری نقصان پہنچا۔