عازم جان
بانڈی پورہ//بانڈی پورہ ضلع بھر میں سبزیوں پھلوں اورگوشت ومرغ کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ ضلع انتظامیہ کی جانب سے شب قدر کے مقدس تقریب پر بھی مارکیٹ چیکنگ برائے نام رہی۔ ضلع صدر مقام بازار میں ساگ 100روپئے فی کلو فروخت ہونے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ دوسرے اقسامِ کی سبزیوں کی قیمتیںبڑھانے میں بھی سبزی فروش ایک دوسرے پر سبقت لے رہے ہیں ۔ گوشت 800 روپے کھلے عام فروخت کیا جارہا ہے جبکہ مرغ 160سے لیکر 190 روپے فی کلو فروخت کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ یہی صورتِ حال سمبل ،حاجن ،اجس ،کلوسہ، آلوسہ، ملنگام اور اشٹنگو کی بھی ہے۔ مہنگائی اورکسادبازاری سے تنگ آئے لوگوں نے بتایا کہ ماہ رمضان کے مقدس ایام میں مہنگائی اور کسادبازاری کا سلسلہ جاری رہنے سے لوگوں کے مشکلات میں اضافہ ہوچکا ہے۔صارفین کا کہنا ہے کہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں ہورہی ہے بلکہ چیکنگ سکارڈ بھی کبھی کبھار ہی نمودار ہوتے ہیں ۔لوگوں نے ڈپٹی کمشنر سے اقدامات کا مطالبہ کیا۔