عازم جان
بانڈی پورہ// مالی سال 202526 کے گرانٹ کے تحت بانڈی پورہ ضلع میں ترقیاتی کاموں کے لئے 41 کروڑ روپے سے زیادہ مختص کئے گئے ہیں۔ ضلع ترقیاتی کونسل کے چیئرمین عبدالغنی بٹ کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں ضلع کے تمام منتخب ڈی ڈی سی ممبران ، ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ، منظور احمد قادری اور ضلع انتظامیہ کے دیگر تمام متعلقہ افسران نے مالی سال کے لئے ضلع کیپیکس منصوبے کی تشکیل پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ کیپیکس پلان 2024-25 کے تحت کی جانے والی پیشرفت کا ایک تفصیلی جائزہ پیش کیا ۔انہوںنے بتایا کہ ڈی ڈی سی گرانٹ میں 483 کام انجام دیئے جائیں گے جن میں 139 اسپل پر کام ، بی ڈی سی گرانٹ کے تحت 107 کام شامل ہیں جن میں 30 اسپل پر کام شامل ہیں۔یہ بتایا گیا کہ صحت کے شعبے میں 12 جاری کام ہیں۔ڈی ڈی سی نے عوامی طلب کی بنیاد پر منصوبوں کو ترجیح دینے پر زور دیا۔ انہوں نے تمام محکموں پر زور دیا کہ وہ شفافیت برقرار رکھیں ، ٹائم لائنز پر عمل کریں ، اور ضلعی کیپیکس پلان کے تحت عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی اقدامات کو ترجیح دیں۔