بانڈی پورہ //جموں و کشمیر پیپلز موومنٹ کی طرف سے بانڈی پورہ میں ایک عظیم الشان عوامی جلسے کا اہتمام کیا گیا جلسے میں پارٹی کے سینئر اور سرکردہ لیڈروں نے ریاست کی موجودہ سیاسی و سماجی صورتحال پر تفصیلی روشنی ڈالی۔پارٹی کے سر پرست اعلیٰ جاوید مصطفے میر نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اس بات کا عہد کیا کہ ریاست جموں و کشمیر کے عوام کو استحصالی عناصر سے بچانے اور عوام کو انکے برابر کے حقوق دلوانے کیلئے کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائیگا۔ انہوںنے کہا کہ اصل میں وہی سیاسی جماعتیں جموں و کشمیر پیپلز مومنٹ کے خلاف من گھڑت پروپیگنڈا کر رہی ہیں جو اپنے دور حکومت میں بحیثیت وزیر اعلیٰ مرکزی ایجنسیوں کے اعلیٰ کار رہے ہیں اور یونیفائیڈ ہائی کمانڈ کی سر پرستی کی ہے۔پارٹی کے صدر ڈاکٹر شاہ فیصل نے عوام سے تعاون طلب کرتے ہوئے کہا کہ اْن کی جماعت نے ریاست کے تشخص اور خصوصی پوزیشن کی حفاظت کرنے کا تہیہ کیا ہوا ہے اور اس سلسلے میں بی جے پی اور آر ایس ایس کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا۔انہوںنے ریاست میں NIAاور CBIکی طرف سے چھاپہ مار کاروائیوں کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسا ریاست کے لوگوں کی قوت دفاع کو کمزور کرنے کیلئے کیا جاتا ہے۔ بانڈی پورہ کے لیڈر ڈاکٹر غلام مصطفے نے علاقے میں نوجوانوں کو روزگار کے مواقعے فراہم کرنے کیلئے ٹورازم کو بڑھاوا دینے جبکہ خواتین لیڈر شہلا رشید نے اس پسماندہ علاقے میں خواتین کیلئے اعلیٰ تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کی مانگ کی۔