پرویز احمد
سرینگر // ضلع بانڈی پورہ میں آیوشمان بھارت جامع پرائمری ہیلتھ سینٹر (پی ایچ سی) آڈینہ میں مریضوں کو زائد المیاد ادویات(ایکسپائری ڈیٹ) فراہم کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد اس معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔ایک مقامی خاتون، جو جوڑوں اور ہڈیوں کے درد میں مبتلا تھیں، نے پی ایچ سی آڈینہ میں تعینات ایک معالج سے علاج کروایا۔ معالج کی جانب سے تجویز کردہ ادویات جب خاتون نے ڈسپنسری سے حاصل کیں تو ان پر درج تاریخ دیکھ کر انکشاف ہوا کہ یہ ادویات میعاد ختم ہونے کے بعد بھی تقسیم کی جا رہی ہیں۔ مذکورہ خاتون نے کہاکہ انہیں تاریخِ اختتام شدہ دوائیں دی جا رہی ہیں جو انکی زندگیوں کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں، یہ کھلی لاپرواہی ہے، اور ذمہ داروں کو جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے‘‘۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈسپنسری کے عملے نے ادویات پر ایکسپائری کی تاریخِ دیکھے بغیر انہیںتقسیم کیا۔ دوسری جانب بلاک میڈیکل آفیسر حاجن ڈاکٹر سید ادریس انداربی نے واقعے کی تصدیق کی اور کہا کہ معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے باضابطہ انکوائری کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔ ڈاکٹر ادریس کا کہنا تھا کہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جووہاں جاکر معاملے کی تحقیقات کرے گی اور اگر کسی نے کوئی لاپرواہی کی ہے تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔