بانڈی پورہ //قصبہ بانڈی پورہ میں جہاں بجلی کی عدم دستیابی کے نتیجے میں اکثروبیشتر اندھیرا چھایا رہتا ہے وہیںناقص ڈرنیج سسٹم اور ٹریفک جام نے عوام کی پریشانیوں میں اضافہ کردیا ہے ۔ موسم سرما کی آمد سے قبل ہی بانڈی پورہ قصبہ اور اُس کے ملحقہ علاقوں میں صبح و شام اکثر وبیشتر بجلی گل رہتی ہے جس کے سبب مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا ہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ کشن گنگا ہائڈل پروجیکٹ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور مستقبل قریب میںنہ جانے کتنے علاقوں کو بجلی فراہم ہوگی لیکن افسوس کا مقام ہے کہ بانڈی پورہ قصبہ اندھیرے میں ہے۔سیول سوسائٹی بانڈی پورہ سے وابستہ محمد اقبال ،غلام قادر ،علی محمد اور غلام رسول نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ میر پتوشے میں قائم گرڈ سٹیشن کے ساتھ 33ہزار کے وی ترسیلی لائن کو آج تک نہیں جوڑا جا سکا ہے اور یہی وجہ ہے کہ علاقے میں اکثر وبیشتر بجلی گل رہتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بانڈی پورہ کے فیڈر نمبر 2کی خستہ حالی کے نتیجے میں واڑ نمبر 2اور 3کی آبادی شام ہوتے ہی اندھرے میں ڈوب جاتی ہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں سڑکوں پر ٹریفک جام بھی ایک سنگین معاملہ ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق قصبہ میں ناقص ڈرنیج سسٹم کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن میونسپل حکام اُس پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ سجاد حسین گنائی نے ان معاملات کے حوالے سے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ٹریفک پولیس اور اے آر ٹی او کو ہدایت دی ہے کہ وہ ٹریفک جام پر قابو پانے کے اقدام کریں ۔انہوں نے کہا ”پانچ روز قبل میں نے بانڈی پورہ قصبہ کا پیدل دورہ کیا اور میں نے جائزہ لیکر افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ لوگوں کے مشکلات کو دور کرنے کےلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کریں“ ۔