سرینگر//شمالی ضلع بانڈی پورہ میں سنیچر کو کورونا جانچ سینٹر سے اس وقت میڈیکل ٹیم کو بھاگنا پڑا جب مقامی لوگوں نے اُن پر پتھر برسائے۔یہ واقعہ ضلع کے اشٹینگو گاوں میں پیش آیا۔
مقامی لوگوں نے الزام عاید کیا کہ جھگڑا اُس وقت شروع ہوا جب محکمہ صحت سے وابستہ کسی اہلکار نے وہاں ویڈیو گرافی شروع کی جس کو لیکر لوگوں نے اعتراض کیا۔مقامی لوگوں کے مطابق مذکورہ ہیلتھ ورکر نے لوگوں کا مطالبہ سننے اور ویڈیو گرافی بند کرنے کے بجائے ایک شہری کو تھپڑ مارا۔
کورونا جانچ کیلئے اس خصوصی مرکز کو حکام کی ہدایت پراشٹینگو کے ایک سکول میں قائم کیا گیا تھا جو ضلع صدر مقام سے دس کلو میٹر دور واقع ہے۔
محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے کورونا جانچ مرکز کیخلاف مزاحمت کی اور طبی ٹیم پر پتھروں سے حملہ کیا ۔
انہوں نے کہا کہ واقعہ کے نتیجے میں ٹیم کو وہاں سے بھاگنا پڑا۔
چیف میڈیکل آفیسر بانڈی پورہ بشیر احمد خان اور بلاک میڈیکل آفیسربانڈی پورہ نے واقعہ کی تصدیق کی۔
حکام کے مطابق اس واقعہ میں ایک گاڑی کو نقصان پہنچ گیا جبکہ کرسیوں کو بھی توڑا گیا۔
مقامی لوگوں نے تاہم طبی ٹیم کو حملے کا نشانہ بنانے کے الزام کی تردید کی۔
ایک مقامی باشندے عبد الباسط کے مطابق میڈیکل ٹیم کے ساتھ معاملہ اس وقت پیش آیا جب لوگوں نے ویڈیو گرافی روکنے کیلئے کہا لیکن ان کی بات نہیں سنی گئی۔
انہوں نے کہا کہ طرفین میں جھگڑے کی وجہ سے کوروناجانچ کا عمل متاثر ہوگیا۔